بطور سپورٹ ڈانسر کیریئر کا آغاز کیا، کئی سال بعد مرکزی کردار ملا،کرن حق

پہلی بار تیرے پہلو میں نامی ڈرامے میں اداکاری کرنے سے شہرت ملی،ڈرامے کی پانچ ہزار قسطیں تھیں ،دیکھتے ہی دیکھتے مشہور ہوگئی شادی کے بعد خواتین شوہروں کی اجازت کی محتاج ہوتی ہیں،اگر میرے شوہر کام کرنے سے روکیں گے تو وہ رک جائوں گی،اداکارہ کاانٹرویو

لاہور(شوبز ڈیسک) ماڈل و اداکارہ کرن حق نے انکشاف کیا ہے کہ میں نے انتہائی کم عمری میں بطور سپورٹ ڈانسر کیریئر کا آغاز کیا جبکہ کئی سال تک وہ جونیئر آرٹسٹ کے طور پر کام کرتی رہی ہیں۔معروف پاکستانی اداکارہ کرن حق نے ایک انٹرویومیں بتایا کہ پہلی بار تیرے پہلو میں نامی ڈرامے میں اداکاری کرنے سے شہرت ملی،مذکورہ ڈرامے کی پانچ ہزار قسطیں تھیں اور وہ دیکھتے ہی دیکھتے مشہور ہوگئی۔
اداکارہ کے مطابق انہیں جونیئر آرٹسٹ سے مرکزی اداکارہ بننے میں کافی عرصہ لگا لیکن ان ہی ہدایت کاروں نے انہیں مرکزی کردار دئیے جن کے ساتھ انہوں نے سپورٹنگ اداکارہ کے طور پر کام کیا۔اداکارہ نے بتایاکہ اداکاری کرنے کا کوئی شوق نہیں تھا لیکن یہ بھی علم نہیں ہوسکا کہ اداکاری کیوں منتخب کی اور کیسے مذکورہ شعبے کو اپنایا۔
کرن حق نے یک طرفہ محبت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کبھی کسی مرد کے ساتھ یک طرفہ محبت نہیں ہوئی،البتہ ان کے ساتھ کئی افراد کو ہوئی۔

انہوں نے تسلیم کیاکہ وہ بڑی شاطر اور چالاک ہیں، وہ سمجھ جاتی ہیں کہ کون سے مرد کی نظریں کیا کہتی ہیں اور وہ ان سے کیا چاہتے ہیں، اس لیے انہوں نے ایسی یک طرفہ محبت کرنے والے تمام مردوں کی کوششیں ناکام بنائیں۔زندگی کی سب سے بڑی کامیابی پر بات کرتے ہوئے کرن حق نے اپنے بیٹے کو سب سے بڑی کامیابی قرار دیا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ شادی سے قبل ان کی شادی کے رشتے کم آتے تھے کیوں کہ وہ خود بھی شادی نہیں کرنا چاہتی تھیں،ان کا خیال تھا کہ وہ پیسے کما کر اہل خانہ کی مدد کریں، اس لیے وہ شادی نہیں کرنا چاہتی تھیں، کیوں کہ شادی کے بعد لڑکیاں گھر والوں کی مدد نہیں کر سکتیں۔
اداکارہ نے کہاکہ شادی کے بعد خواتین شوہروں کی اجازت کی محتاج ہوتی ہیں،اسی پر انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر میرے شوہر کام کرنے سے روکیں گے تو رک جائو ںگی اور کوئی کام نہیں کروں گی۔کیریئر کے آغاز میں پیش آنے والی مشکلات پر بات کرتے ہوئے کرن حق نے بتایا کہ اس وقت سب سے زیادہ تکلیف ہوتی تھی جب شروعات میں کوئی ہدایت کار انہیں ملاقات کیلئے بلاتے تھے لیکن وہ ان سے ملتے ہی نہیں تھے۔
اداکارہ نے کہا کہ اس وقت ان کے پاس گاڑی نہیں ہوتی تھی،نہ ہی ان کے پاس اتنے پیسے ہوتے تھے، اس لیے وہ رکشہ میں آتی جاتی تھیں اور ہدایت کار کے بلانے پر وہ کئی کئی گھنٹوں تک ان کے دفتر کے باہر انتظار کر کے چلی جاتی تھیں۔کرن حق نے اعتراف کیا کہ ایسے وقت پر انہیں شدید مایوسی اور تکلیف ہوتی تھی اور ساتھ ہی اعتراف کیا کہ ایسے رویوں پر دلبرداشتہ ہو کر رو بھی دیتی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ بطور اداکارہ پہلی کمائی 3ہزار روپے تھی،ابتدائی طور پر بطور سپورٹ ڈانسر اور پھر جونیئر آرٹسٹ کے طور پر کام کرنے کے کئی سال بعد مرکزی کردار ادا کیے۔