کون ہے فیصل واوڈا؟ ایسے ذہنی مریضوں کی حالت پر ترس کھاتے ہیں اور ان کیلئے اللہ پاک سے رحم کی دعا مانگتے ہیں ان کے سوالوں کا جواب نہیں دیتے؛ صوبائی وزیراطلاعات کا صحافی کے سوال پر جواب
لاہور ( نیوز ڈیسک ) صوبہ پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے آزاد سینیٹر فیصل واوڈا کو ذہنی مریض اور پاگل شخص کہہ ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کے دوران صحافی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کون ہے فیصل واوڈا؟وہ ایک ذہنی مریض ہے ان کا کوئی سیاسی بیک گراؤنڈ نہیں، ابھی وہ سینیٹر ہیں سیاسی پارٹی اس کی کوئی نہیں ہے، ایسے ذہنی مریضوں کی حالت پر ترس کھاتے ہیں اور ان کیلئے اللہ پاک سے رحم کی دعا مانگتے ہیں ان کے سوالوں کا جواب نہیں دیتے۔
اس موقع پر جب ان سے سینئر صحافی نجم سیٹھی کی ایک خبر سے متعلق پوچھا گیا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران عمران خان سے ایک اہم غیر سیاسی شخصیت نے ملاقات کی اور انہیں وزیراعظم کی طرح بریفنگ دی گئی، اس کے ردعمل میں صوبائی وزیر اطلاعت عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کی چڑیا بوڑھی ہوگئی ہے اور وہ ذہنی توازن کھو بیٹھی ہے ان کوچاہیے اپنی چڑیا بدل لیں۔
یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے قریب سمجھے جانے والے سینیٹر فیصل واوڈا کی جانب سے ان دنوں ن لیگ پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے، سابق وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ ن لیگ کی ٹک ٹاک حکومت میں کنیزوں اور نوکرانیوں کا کوٹہ بنا دیں، تھنڈر آ گیا، آپریشن روم بنا لیا، نہ تین میں نہ تیرہ میں، یہ لوگ جاہل ہیں، پڑھے لکھے نہیں، ان میں سیاسی شعور نہیں، پنجاب حکومت ٹک ٹاک حکومت ہے جنگ کے دوران ان کا کوئی بیان نہیں آیا، نوازشریف نے بھی جنگ کے دوران خاموشی اختیار کیے رکھی لیکن مریم نواز نے اپنے والد کو آپریشن اور جہاز کا کریڈٹ دے دیا ، نالائق اولاد والد کی مزید شرمندگی کا باعث نہ بنے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ایک لیڈرشپ کوالٹی دکھائی اور پورا پاکستان ایک ساتھ کھڑا ہوا ہے۔