امانت میں خیانت کیس،عدالت نے اداکارہ نازش جہانگیر کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دئیے

عدالت کا اداکارہ کو 50 ہزارکے مچلکے جمع کروانے کا حکم، کیس کی مزید کارروائی 28 اپریل تک ملتوی ، کینٹ کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ غلام شبیر سیال نے امانت میں خیانت اور فراڈ کیس کی سماعت کی

لاہور( نیوز ڈیسک ) لاہور کی عدالت نے امانت میں خیانت کیس میں اداکارہ نازش جہانگیر کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دئیے، عدالت کا اداکارہ کو 50 ہزارکے مچلکے جمع کروانے کا حکم، کینٹ کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ غلام شبیر سیال نے امانت میں خیانت اور فراڈ کیس کی سماعت کی،اداکارہ نازش جہانگیر اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔
بعدازاں وکلاءکے دلائل سننے کے بعد عدالت نے اداکارہ نازش جہانگیر کے وارنٹ گرفتاری 50ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کے احکامات جاری کئے۔ عدالت نے کیس کی مزید کارروائی 28 اپریل تک ملتوی کر دی۔استغاثہ اداکار ہارون اسود نے کینٹ کچہری میں دائر کر رکھا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے معروف اداکارہ نازش جہانگیر کے امانت میں خیانت، فراڈ اور دھمکیاں دینے کے الزام میں وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔
عدالت نے پولیس کو اداکارہ کو گرفتار کرکے 22 مارچ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دیاتھا۔اداکارہ نازش جہانگیر اوران کے ساتھی سکندر خان کے خلاف اسود ہارون نامی شخص نے تھانہ ڈیفنس سی میں فراڈ کا مقدمہ، امانت میں خیانت اور دھمکیاں دینے کی دفعات کے تحت استغاثہ دائر کررکھا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق یہ مقدمہ فراڈ کی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا اور استغاثہ میں نازش جہانگیر، سکندر خان اور دیگر ملزمان کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔
مدعی مقدمہ نے وارنٹ گرفتاری ڈیفنس سی پولیس میں جمع کروا دئیے تھے۔عدالت نے ڈیفنس سی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ اداکارہ کو گرفتار کر کے پیش کریں۔پولیس کایہ بھی کہنا تھا کہ ملزمان کیخلاف کارروائی شروع کر دی گئی تھی ۔مدعی نے الزام عائد کیا تھا کہ اداکارہ نے شوبز انڈسٹری میں مواقع فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر ان سے لاکھوں روپے اور قیمتی گاڑی ہتھیا لی تھی۔
مدعی اسود ہارون کا یہ بھی کہنا ہے کہ مجھے اپنی رقم اور گاڑی کی واپسی کا مطالبہ کرنے پر مجھے ایک فارم ہاو¿س میں بلایا گیاتھا جہاں مسلح افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں تھیں۔اداکار نازش جہانگیر پر مبینہ فراڈ کے معاملے پر دائر استغاثہ میں کہا گیا تھاکہ اداکارہ نازش جہانگیر نے 25 لاکھ اور گاڑی دو ماہ کیلئے لی تھی۔بعدازاں ادکارہ نازش جہانگیرنے 25 لاکھ روپے اور گاڑی واپس نہیں کی تھی۔