ٹک ٹاکر دانیہ شاہ اور شوہر کی گاڑی حادثے کا شکار، ایک شخص جاں بحق

حکیم شہزاد لوہا پاڑ اوران کی اہلیہ اپنی ٹیم کے ہمراہ سفر کر رہے تھے کہ اچانک موٹرسائیکل ان کی کار سے ٹکرا گئی

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) معروف ٹک ٹاکر دانیہ شاہ اور ان کے شوہر حکیم شہزاد لوہا پاڑ کی گاری حادثے کا شکار ہوگئی، حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکیم شہزاد لوہا پاڑ اور دانیہ شاہ اپنی ٹیم کے ہمراہ کار میں سفر کر رہے تھے کہ اس دوران اچانک ایک موٹرسائیکل ان کی گاڑی سے ٹکرا گئی، جس کے بارے میں حکیم شہزاد کا مؤقف ہے کہ موٹرسائیکل سوار غلط سمت سے تیز رفتاری میں آئے اور ان کی گاڑی سے ٹکراگئے، موٹر سائیکل پر میاں بیوی سوار تھے جن میں سے مرد جاں بحق ہوگیا اور خاتون زخمی ہوئی۔
حکیم شہزاد کا کہنا ہے کہ گاڑی ہمارا ڈرائیور چلا رہا تھا اور اس میں ہمارے کیمرہ مین اور دیگر ملازمین بھی سوار تھے، دانیہ شاہ بھی گاڑی میں موجود تھیں لیکن وہ محفوظ رہیں، تاہم اس حادثے میں گاڑی کو بہت زیادہ نقصان پہنچا، میرے سر پر چوٹ آئی جس کی وجہ سے میں بے ہوش ہوگیا، جس سے میں ابھی تک ذہنی طور پر مکمل صحت یاب نہیں ہوسکا اور ہم ابھی تک اس حادثے کے صدمے سے باہر نہیں آسکے اور ہم جاں بحق ہونے والے شخص کے بچوں اور اہل خانہ کی مالی مدد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ ٹک ٹاکر دانیہ شاہ نے گزشتہ برس جولائی 2024ء میں حکیم شہزاد لوہا پاڑ سے شادی کی تھی جب کہ اس سے قبل وہ فروری 2022ء میں سابق رکن قومی اسمبلی اور مشہور سکالر عامر لیاقت سے شادی کرچکی تھیں، تاہم جون 2022ء میں معروف ٹی وی شو میزبان کا انتقال ہوگیا اور سابق شوہر عامر لیاقت کی وفات کے دو سال بعد سے دانیہ شاہ حکیم شہزاد لوہا پاڑ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہیں۔