ایف آئی اے کا نادیہ حسین کو بینک فراڈ کیس میں طلب کرنے کا فیصلہ

اداکارہ و ماڈل کے شوہر عاطف خان کے خلاف ایف آئی اے نے 55 صفحات پر مشتمل کیس کا عبوری چالان جمع کروا دیا

کراچی ( نیوز ڈیسک ) ایف آئی اے نے پاکستان کی معروف اداکارہ و ماڈل نادیہ حسین کو فراڈ کیس میں طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں معروف اداکارہ و ماڈل نادیہ حسین کے شوہر عاطف خان کی جانب سے کیے گئے فراڈ کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران ایف آئی اے نے 55 صفحات پر مشتمل کیس کا عبوری چالان جمع کروا دیا، کیس میں ایک ملزم عاطف خان گرفتار جب کہ ایک ملزم فیصل محمود شیخ ضمانت پر ہے۔
عدالت میں جمع کروائے گئے عبوری چالان میں انکشاف ہوا کہ ملزم کے بینک اکاؤنٹس سے فائدہ اٹھانے والوں میں ان کی اہلیہ و اداکارہ نادیہ حسین کے سیلون کا اکاؤنٹ بھی شامل ہے، نادیہ حسین نے مبینہ طور پر اپنے 2 سیلون کیلئے بینک فراڈ کے فنڈز استعمال کیے، عاطف خان کے 2 الگ الگ اکاؤنٹس کے ذریعے سیلون کے اکاؤنٹس میں 2 کروڑ 64 لاکھ روپے منتقل کیے گئے، ملزم عاطف خان کے بینک اکاؤنٹس ٹرانسفر سے فائدہ اٹھانے والوں کو تحقیقات کیلئے بلایا جائے گا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ نادیہ حسین کے اکاؤنٹ میں 2018ء سے رقوم منتقل ہورہی تھیں، عاطف خان کے بینک فراڈ کی وجہ سے کمپنی کو 1 ارب 20 کروڑ کا نقصان پہنچا، عاطف خان کمپنی کے پیسوں سے ذاتی اکائونٹس چلاتا تھا، عاطف خان ذاتی بزنس کا تمام خسارہ بینک کے کھاتے میں ڈال دیتا تھا، عاطف خان نے اپنے خسارے کے 54 کروڑ بینک کے کھاتے میں ڈالے، ملزم عاطف نے 11 کروڑ سے زائد رقم اپنے استعمال میں بھی لی۔
یاد رہے کہ ماڈل نادیہ حسین کے شوہر ملزم عاطف محمد خان کو بطور سی ای او اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مالیاتی دھوکہ دہی میں ملوث پایا گیا جس کے بعد انہین گرلیا گیا، اس حوالے سے بینک الفلاح سیکیورٹیز میں 540 ملین روپے کی خرد برد کا معاملہ سامنے آنے پر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے سابق سی ای او عاطف محمد خان کو 08 مارچ 2025ء کو گرفتار کیا تھا۔