عمران خان کی غلیطیاں صرف یہ ہیں کہ اس نے سب پر اعتبار کیا، میں ویگو ڈالہ افورڈ نہیں کرسکتا اس لیے اس سے زیادہ تبصرہ نہیں کروں گا؛ معروف ڈرامہ نگار کی گفتگو
لاہور ( نیوز ڈیسک ) ملک کے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر سابق وزیراعظم عمران خان کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے۔ اس حوالے سے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی غلطیاں صرف یہ ہیں کہ اس نے سب پر اعتبار کیا، اگر اس کو غلطیاں مانتے ہو تو پھر وہ غلط ہے لیکن درحقیقت وہ اعتبار کرنے والا آدمی ہے، جتنا میں اسے جانتا ہوں وہ انتہائی ایماندار انسان ہے، وہاں اوپر غلط فہمیاں ہوجانا ایک الگ چیز ہے لیکن میں نے زندگی میں اگر کسی کو مانا تو اسی کو مانا ہے، میں ویگو ڈالہ افورڈ نہیں کرسکتا اس لیے اس سے زیادہ تبصرہ نہیں کروں گا۔
بتاتے چلیں کہ خلیل الرحمان قمر کچھ عرصہ ہنی ٹریپ کی وجہ سے کافی خبروں میں رہے تاہم اب لاہور کی عدالت نے خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزمہ آمنہ عروج، ممنون حیدراور ذیشان قیوم کو 7،7 سال قید کی سزا سنا دی، عدالت نے حسن شاہ سمیت دیگر8 ملزمان کو مقدمے سے بری کر دیا، اے ٹی سی عدالت کے جج ارشد جاوید نے اس حوالے سے محفوظ فیصلہ سنایا جس میں عدالت نے ملزمان کوتاوان مانگنے پر سزا سنائی۔
جج ارشد جاوید نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ مجرمان آمنہ عروج، ممنون حیدر اور ذیشان تاوان مانگنے کے جرم میں سزا کے مستحق پائے گئے ان کے خلاف تاوان مانگنے کے شواہد موجود ہیں، جس پر عدالت نے تینوں کو سات، سات سال قید کی سزا سنائی تاہم ان پر اغوا کا الزام ثابت نہیں ہوتا، جرم کی سنگینی کے پیش نظر سزا سنائی گئی ہے تاکہ معاشرے میں اس قسم کے جرائم کی روک تھام ممکن ہو جب کہ مقدمے میں شامل دیگر ملزمان کو ناکافی شواہد کی بنیاد پر بری کر دیا گیا۔