وطن واپسی تبھی ہوگی جب حالات بہتر ہونگے اور ہائی کمان سے اجازت ملے گی،رجب بٹ

انشا اللہ آوں گا، کیوں نہیں آوں گا پاکستان میرا ملک ہے میں ضرور واپس آوں گا،ابھی حالات سازگار نہیں ہیں، میں فیملی ولاگنگ جاری رکھوں گا ، پاکستانی یوٹیوبر کی گفتگو

دبئی ( شوبز ڈیسک ) پاکستانی یوٹیوبر رجٹ بٹ کا کہنا ہے کہ میری وطن واپسی تبھی ممکن ہوگی جب حالات بہتر ہونگے اور ہائی کمان سے اجازت ملے گی، ابھی حالات سازگار نہیں اور انہیں کچھ ہائی کمانڈز سے اجازت درکار ہے،دبئی میں قیام پذیرپاکستانی وی لاگر نے نادرعلی کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انشا اللہ آوں گا، کیوں نہیں آوں گا، پاکستان میرا ملک ہے میں ضرور واپس آوں گا۔
پروگرام میں رجب بٹ نے اپنی حالیہ زندگی، مستقبل کے منصوبوں اور پاکستان واپس آنے کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ میں نے ایسا کچھ نہیں کہا یا کیا۔میں مسلمان خاندان سے ہوں ایسا سوچ بھی نہیں سکتا۔انہوں نے تسلیم کیا کہ اگر کسی کو ان کے الفاظ سے دکھ پہنچا تو وہ اللہ کے گھر بیٹھ کر بھی معذرت کر چکے ہیں اور اب بھی دل سے معافی مانگتے ہیں۔
رجب بٹ کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ معذرت اس لئے نہیں کہ مجھے پاکستان آنے دیا جائے بلکہ اگر میں مجرم ہوں تو قانون سزا دے گا اور اگر بے گناہ ہوں تو بری کر دے گا۔گفتگو کے دوران پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ نے مزید کہا کہ وہ قطر اور پھر لندن جانے کا ارادہ رکھتے ہیں جہاں وہ اپنے اہل خانہ کو بھی بلانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ پاکستان میں واپسی تبھی ممکن ہوگی جب حالات بہتر ہوں گے اور اجازت ملے گی۔
رجب بٹ نے کہا کہ جیسے جیسے میں نے شہرت اور دولت حاصل کی ویسے ویسے لوگ میرے خلاف ہو گئے۔رجب بٹ نے فیملی وی لاگنگ سے متعلق کہا کہ میں فیملی ولاگنگ جاری رکھوں گا اور اس کا فیصلہ صرف میں خود کروں گا نہ کہ کوئی دوسرا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں نے وی لاگنگ کا انداز بدل دیا ہے میں اپنی فیملی کا تھوڑا سا حصہ وی لاگ میں شامل کرتا ہوں۔میراپورا وی لاگ فیملی پر مبنی نہیں ہوتا اگر کبھی میں نے فیصلہ کیا کہ اب فیملی کو نہیں دکھانا تو ایک کلپ بھی نہیں آئے گامگر کسی کے کہنے پر میں یہ بند نہیں کروں گا۔
پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے رجب بٹ نے اپنے بازو پر بنوائے گئے ٹیٹو پر کہا کہ ٹیٹو کو ہٹانا مشکل ہوتا ہے کیونکہ یہ جلد کے نیچے بنایا جاتا ہے، میرا مذہب اسے اجازت دیتا ہے، ہمارے علماءکہتے ہیں کہ ٹیٹو کے ساتھ نماز ہو سکتی ہے، میں نے اس کی مذہبی وضاحت کی تصویر بھی اپنی سٹوری میں شیئر کی ہے۔ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا اور میرا ضمیر مطمئن ہے۔رجب بٹ کاکہنا تھا کہ میں سدھو موسے والا کو مذہبی بنیاد پر نہیں بلکہ فکری و فلسفیانہ بنیاد پر اپنا استاد مانتا ہوں۔سدھو نے مجھے زندگی کے اصول سکھائے، ان کے گانوں نے میری حقیقت بیان کی ہے۔میں خود مسلمان ہوں اور مجھے اپنی حدود کا علم ہے۔