دورہ کرتار پور پر تنقید، میرب علی کا مداحوں کو کرارا جواب

اسلام آباد: (شوبز ویب ڈیسک) خوبرو پاکستانی اداکارہ میرب علی نے کرتارپور میں واقع دربار صاحب گردوارہ کا دورہ کرنے پر ہونے والی تنقید کا کرارا جواب دے دیا۔

حال ہی میں بابا گورونانک کے 554 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے سکھ یاتری یہاں پہنچے تھے، اسی دوران میرب علی نے بھی گردوارہ کا دورہ کیا جس کی تصاویر انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر بھی شیئر کیں جن پر انہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔

کئی سوشل میڈیا صارفین نے سوال اٹھایا کہ “آپ گردوارہ کیوں گئیں؟ کیا آپ مسلمان نہیں ہیں؟، ایک اور صارف نے لکھا کہ “آپ سکھ تو نہیں بن گئیں، آپ مسجد نہیں جاتیں لیکن کافروں کی عبادت گاہوں میں ضرور جاتی ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کی ٹرولنگ اور تنقید پر میرب علی نے جواب دیا کہ “کوئی بھی شخص گردوارہ جاسکتا ہے، آپ کو بھی جانا چاہیے، وہاں کے لوگ بہت مہربان تھے، ہوسکتا ہے کہ آپ بھی وہاں سے کچھ چیزیں سیکھ لیں”۔