لاہورسے اوکاڑہ جاتے ہوئے ان کی گاڑی چھانگامانگاکے قریب ٹرک سے جا ٹکرائی ،تابندہ علی کے سر پر چوٹ لگی،فیملی محفوظ
لاہور(نیوز ڈیسک) معروف گلوکارہ فلمسٹار تابندہ علی کار حادثے میں بال بال بچ گئیں۔تفصیلات کے مطابق فلمسٹار تابندہ علی گذشتہ روز اپنی فیملی کے ہمراہ کارمیں لاہورسے اپنے آبائی گائوں جارہی تھیں جب وہ چھانگا مانگا کے قریب پہنچیں توان کی کار ایک تیز رفتار ٹرک سے جاٹکرائی جس کے نتیجے میں ان کی گاڑی تباہ ہوگئی جبکہ ا ن کے سر پر چوٹیں آئیں اس حادثے میں ان کی فیملی مکمل طورپر محفوظ رہی ان کی کار کو ان کے خاوند علی چلارہے تھے انہیں فوری طور پر مقامی ہسپتال پہنچایاگیا جہاں پر نہیں ابتدائی طبی امداد دے کر رخصت کردیاگیا۔
ایک ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے فلمسٹار تابندہ علی کا کہناتھا کہ یہ حادثہ ان کے لیئے ایک ڈرائونے خواب کی طرح ہے جس میں وہ بری طرح خوفزدہ ہوگئی تھیں ایک لمحے کے لیئے انہیں لگا کہ یکدم سب کچھ ختم ہوگیا مگر جب انہیں گاڑی سے نکالا گیا تو انہیں اطمینان ہواکہ ان کے شوہر اور بچے محفوظ ہیں جنہیں خراش تک بھی نہیں آئی تھی بس ان کے سر پر چوٹ لگی ہوئی تھی۔
تابندہ علی کاکہناتھا کہ وہ اس خوفناک حادثے میں اپنی فیملی اور پرستاروں کی دعائوں سے بچ گئے ہیں جس پر وہ سب کی مشکورہیں۔فلمسٹار تابندہ علی نے مذید بتایاکہ اب وہ کچھ دن تک تھیٹر پر کام نہیں کریں گی اور اپنی فیملی کے ہمراہ ریسٹ کرینگی تاکہ ان کے دماغ سے اس حادثے کا خوف ختم ہوسکے۔ان کے حادثے کا سن کر تھیٹر اور فلم انڈسٹری سے ان کے کولیگز اور ڈائریکٹر پروڈیوسرز کی کالز بھی آرہی ہیں جن میں وہ ان کی صحت بارے دعائیں دے رہے ہیں جس پر وہ ان کی مشکور ہیں۔