میری زندگی کی تمام تر جمع پونجی اس کمپیوٹر میں تھی جن میں میری فلمیں اور قیمتی ڈیٹا تھا، میرے ہاتھ کاٹ دئیے گئے ہیں،نوید رضا
لاہور (نیوز ڈیسک) نامعلوم چور معروف ہدائتکار وپروڈیوسر نوید رضا کے دفتر کے تالے کاٹ کر ان کی قیمتی LED اور کمپیوٹر چراکرلے گئے۔اس واقعے کے خؒاف تھانہ اقبال ٹائون میں مقدمہ درج کرلیاگیا۔ایک ملاقات کے دوران نوید رضا نے بتایاکہ وہ گذشتہ رات بارہ بجے باری سٹوڈیومیں واقع اپنے دفتر کو لاک کرکے اپنے گھر چلے گئے تھے دوسری صبح جب وہ آفس آئے اور دفتر کھولنا چاہاتو انہیں معلوم ہواکہ ان کے آفس کا تالہ کاٹا گیاہے انہوں نے جب دفتر کھولا تو معلوم ہواکہ کسی نے ان کا قیمتی کمپیوٹر اور ایل ای ڈی چور کرلی ہے جس پر وہ سکتہ میں آگئے۔
نوید رضا کا کہناتھا کہ ان نامعلوم چوروں نے یہ چوری کرکے ان کے ہاتھ کاٹ دئیے ہیں کیونکہ اس کمپیوٹر میں ان کی سالہا سال کی محنت موجودتھی جس میں ان کی فلمیں ویڈیوز سونگز اور دوسرے ہدائتکاروں کی فلموں کا ڈیٹا تھا جو ان کے پاس ایڈٹ ہونے کے لیئے آئی ہوئی تھی۔
نوید رضانے بتایاکہ ایک عرصہ سے ان کے خلاف ایڈیٹرز کی ایک مخصوص لابی پراپیگنڈا کررہی تھی کیونکہ میرا کام دیکھتے ہوئے پروڈیوسرز ان کو اپنی فلم کی ایڈیٹنگ دینے کی بجائے مجھے دے رہے تھے جن کا ان کو رنج تھا اور اسی رنج و حسد کی بناء پر میری یہ چوری کروائی گئی ہے۔
نوید رضانے مذید کہاکہ میں تو اپنے کام کی بناء پر اپنے بچوں کا رزق کما رہاتھا جو ان حاسدین کو ایک نظر نہ بھایا اور میرا کل اثاثہ ہی چوری کروادیا۔نوید رضانے اس چوری کا مقدمہ تھانہ اقبال ٹائون میں درج کروادیاہے جس پر پولیس نے کاروائی شروع کردی ہے نوید رضانے تھانہ میں دی گئی درخواست میں یہی موقف اختیارکیاہے کہ ان کا قیمتی سامان ان کے ڈیٹا سمیت انہیں واپس دلوایاجائے اور اس عمل میں شامل افراد کو قانون کی گرفت میں لاکر سزادی جائے۔
نوید رضاکا کہناتھا کہ انہوں نے حال ہی میں اپنی نئی فلم’’گاڈ فادر‘‘ شروع کی تھی جس کی شوٹنگز بھی شروع کی جاچکی ہیں اس کا ڈیٹا بھی اس کمپیوٹر میں موجود تھا اوراس فلم کا بھی بہت سارے لوگوں کو دکھ تھا جس کا وہ مختلف جگہوں پر اظہار بھی کرتے نظرآتے تھے وہ نہیں چاہتے تھے کہ میں یہ فلم بنائوں۔