اسلام آباد (کامرس ڈیسک) ہالی وڈ کے معروف ڈائریکٹر سٹیون سپیل برگ کی ڈائریکشن میں بننے والی نیچرل ہسٹری سیریز ’’لائف آن دی اوور پلینٹ ‘‘کل بدھ سے آن ائر کی جا رہی ہے ۔سٹیون سپیل برگ نے نیٹ فلیکس کے ساتھ شراکت داری میں یہ سیریز تشکیل دی ہے جس کے 8 اقساط ہوں گی جن میں جدید کمپیوٹر ٹیکنالوجی سے تیار کردہ بصری اثرات سے کام لیا گیا ہے ۔
اس سیریز میں زمین پر زندگی کے پانچ بڑے ادوار کی تاریخ کو بیان کرنے کے لیے نامور اداکار مورگن فری مین کی خدمات لی گئی ہیں ۔سیریز میں زمین پر زندگی کے سفاک برفانی دور سے لے کر شہابیوں تک ہر تباہ کن واقعات کااحاطہ کیا گیا ہے اور یہ کہ ان تباہیوں کے دوران کس طرح جاندار اپنی بقا میں کامیاب رہے اور ان کی کیا کیا شکلیں تبدیل ہوئیں ۔یاد رہے کہ بی بی سی پر ’’پلینٹ ارتھ تھری‘‘ اور ایپل ٹی وی پر’’ پری ہسٹوریک پلینٹ ‘‘ کے ناموں سے ا س طرح کی سیریز پہلے ہی چل رہی ہیں تاہم ’’لائف آن دی پلینٹ ‘‘ کو سٹیون سپیل برگ اور مورگن فری میں کے باعث انفرادیت حاصل رہے گی۔