اسلام آباد: (شوبز ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر ان دنوں اداکاری سے دور اپنے نومولود بچے کے ساتھ وقت گزار رہی ہیں لیکن اس کے باوجود وہ سوشل میڈیا پر بھی متحرک رہتی ہیں۔
حال ہی میں سوارا بھاسکر نے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ اپنی بیٹی کو گود میں لیے ہوئے نظر آ رہی ہیں، تصویر میں اداکارہ بری حالت میں کرسی پر بیٹھی ہوئی ہیں اور اپنی بیٹی کو غور سے دیکھ رہی ہیں، تصویر کیساتھ سوارا بھاسکر نے ایک جذباتی نوٹ لکھا ہے۔
بالی ووڈ اداکارہ نے لکھا ہے کہ ’’کوئی بھی نئی ماں جانتی ہوگی کہ وہ اپنے نوزائیدہ بچے کو کئی گھنٹوں تک گھور سکتی ہے، میں بھی مختلف نہیں ہوں اور ایسا ہی کرتی ہوں، اپنی بیٹی کے پرامن سوتے ہوئے چہرے کو دیکھتی رہتی ہوں۔
انہوں نے مزید لکھا اسے دیکھ کر مجھے خیال آتا ہے کہ اگر یہ غزہ میں پیدا ہوتی تو میں اس کی حفاظت کیسے کرتی، ساتھ ہی میں دعا کر رہی ہوں کہ وہ کبھی ایسی حالت میں نہ پھنس جائے اور پھر اگلے ہی لمحے سوچنے لگتی ہوں کہ پتہ نہیں کن نعمتوں کے ساتھ یہ پیدا ہوئی ہے۔
اداکارہ سوارا بھاسکر نے لکھا کہ غزہ کے بچے ہر روز اسیری کے آسمان تلے مارے جا رہے ہیں، میری خدا سے دعا ہے جو سن لے گا، غزہ کے بچوں کو مصائب، درد اور موت سے بچائے کیونکہ دنیا ان کی حفاظت نہیں کرے گی۔
واضح رہے کہ سوارا بھاسکر نے 25 ستمبر کو اپنے انسٹاگرام پر بیٹی کے ساتھ تصاویر شیئر کر کے مداحوں کو ماں بننے کی خوشخبری دی تھی۔