اودے پور: (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور سیاستدان راگھو چڈھا بالآخر گزشتہ روز شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا نے ریاست راجستھان کے شہر اودے پور میں اپنے اہلخانہ اور قریبی دوستوں کی موجودگی میں ایک شہانہ انداز میں شادی کی۔
دونوں کی شادی روایتی پنجابی انداز میں ہوئی جہاں انہوں نے اپنے اہلخانہ اور قریبی دوست احباب کے سامنے پھیرے لیے۔ اس نئے شادی شدہ جوڑے نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شادی کی تصاویر اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہیں۔
اداکارہ نے لکھا کہ “ناشتے کی میز پر پہلی بات چیت سے ہی ہمارے دل کو پتہ چل گیا تھا، ایک طویل عرصے سے اس دن کا انتظار کر رہی تھی، آخر کار مسٹر اور مسز بننے پر بہت خوش ہوں!”
اداکارہ نے مزید لکھا کہ “ایک دوسرے کے بغیر نہیں رہ سکتے تھے، ہمارا اب نہ ختم ہونے والا آغاز ہو رہا ہے”۔
پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی شادی میں رازداری کا خاص خیال رکھا گیا اور شادی میں شریک ہونے والے مہمانوں کو ہدایت دی گئی کہ جوڑے کی تصویر لے کر سوشل میڈیا پر وائرل نہ کی جائے۔
رپورٹ کے مطابق راگھو چڈھا اپنی دلہنیا پرینیتی چوپڑا کو لینے کے لیے میواڑی انداز میں سجی ایک کشتی میں “دی لیلا پیلس” بارات لیکر پہنچے۔
پرینیتی اور راگھو کی شادی کے لیے “دی لیلا پیلس” کا مہنگا ترین “مہاراجہ سویٹ” بھی بک کرایا گیا تھا جس کا ایک دن کا کرایہ تقریباً بھارتی 10 لاکھ روپے ہے۔
پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی شادی میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال، پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان سمیت پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے بھی شرکت کی۔
اس جوڑے کی شادی کی تقریبات گزشتہ کچھ دنوں سے اودے پور میں جاری تھیں، جن میں اُن کی مہندی، ابٹن، محفلِ موسیقی سمیت دیگر تقریبات کا انعقاد کیا گیا تھا۔