فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا اختتامی منظر امریکی سٹنٹ ایوارڈ کیلئے منتخب

اسلام آباد: (شوبز ویب ڈیسک) پاکستانی بلاک بسٹر فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے اختتامی منظر کو امریکی سٹنٹ ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔

ٹورس ورلڈ سٹنٹ ایوارڈز کے اعلامیے کے مطابق بلال لاشاری کی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا منظر ’بیسٹ فائٹ سین‘ کی کیٹیگری کیلئے شارٹ لسٹ ہوا ہے، فلم کا اختتامی لڑائی والا منظر مولا جٹ اور نوری نت کے درمیان ہوا تھا جسے فواد خان اور حمزہ عباسی نے کامیابی کے ساتھ ادا کیا۔

فلم کے اس منظر کو سٹنٹ ماسٹر ایان وان ٹیمپرلے نے اپنی نگرانی میں کروایا تھا جبکہ پاکستانی فلم کے مقابلے میں دیگر فلموں ’ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس‘ اور ’دی گرے مین‘ بھی منتخب ہوئی ہیں۔

ہالی وڈ کی متعدد بلاک بسٹر فلمیں ونس اپان اے ٹائم ان ہالی وڈ، کنگز مین، فاسٹ اینڈ فیوریئس 6، انسیپشن اور ایوینجرز یہ سٹنٹ ایوارڈ حاصل کرچکی ہیں۔

فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ اکتوبر 2022ء میں ریلیز ہوئی تھی اور اس نے اپنی آمد کے ساتھ ہی پوری دنیا میں نئے ریکارڈ قائم کیے جبکہ یہ پاکستان کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم کا اعزاز بھی اپنے پاس رکھتی ہے۔