رباط (شوبز ویب ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ اداکار ول سمتھ نے مراکش کے لیے مدد کی اپیل کرتے ہوئے ایک مختصر ویڈیو کے ذریعے اپنے مداحوں کو حیران کر دیا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مراکشی ڈائریکٹر عادل العربی کی جانب سے اپنے انسٹاگرام اکانٹ پر پوسٹ کی گئی ایک مختصر ویڈیو میں ول سمتھ ہر ایک سے زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے عطیہ کرنے کی اپیل کرتے نظر آئے۔
مراکش کے ڈائریکٹرز بلال فلاح اور عادل کے درمیان کھڑا ہوکر ول سمتھ نے کہا اس میں کوئی شک نہیں کہ مراکش کے ساتھ جو کچھ ہوا اس کے بارے میں آپ سب نے سنا ہے۔ اس لیے میں آپ سے مدد کی درخواست کرتا ہوں۔ میرے دو دوستوں کے خاندان اور رشتہ دار اب بھی مراکش میں ہیں۔ مزید برآں انہوں نے اس تباہی کے نتیجے میں مراکشی باشندوں کو درپیش بڑی مشکلات کی طرف بھی اشارہ کیا۔بہت سی عالمی شخصیات خاص طور پر فٹ بال کے کھلاڑیوں نے مراکش میں آنے والے زلزلے کے بعد مراکش کی عوام سے اظہار یک جہتی کیا ہے۔ اس زلزلہ میں تین ہزار کے لگ بھگ افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔