اوٹاوا: (شوبز ویب ڈیسک) اپنی خوبصورت آواز سے مداحوں کے کانوں میں رس گھولنے والی پاکستان کی معروف گلوکارہ شازیہ منظور کو کینیڈا میں کوئین الزبتھ ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔
پاکستانی نژاد کینیڈین رکن پارلیمنٹ شفقت علی نے شازیہ منظور کو ایک تقریب میں حکومت کینیڈا کی جانب سے کوئین الزبتھ ایوارڈ پیش کیا۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے گلوکارہ کا کہنا تھا کہ اعزاز پر حکومت کینیڈا کا شکریہ ادا کرتی ہوں، یہ ایوارڈ میرے لیے بڑی عزت کی بات ہے اور یہ امر بھی باعث افتخار ہے کہ کینیڈین پارلیمنٹ میں پاکستانی نژاد ارکان بھی کینیڈا کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
شازیہ منظور کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے دل و جان سب کچھ حاضر ہے، پاکستانی دنیا کے کسی بھی کونے میں ہوں، اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔