اداکار احسن خان کی معاشی بحران سے پریشان ہوکر ملک چھوڑنے والوں کو صبر کی تلقین

اسلام آباد (شوبز ڈیسک) اداکاراحسن خان نے ملکی حالات و معاشی بحران سے پریشان ہوکر ملک چھوڑنے والوں کو صبر کی تلقین کردی۔ انہوں نے ایک نجی میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے ملک کی بگڑتی ہوئی معاشی اور سیاسی صورتحال کے بارے میں بات کی۔
اداکار نےان لوگوں کے بارے میں بھی بات کی جو ملکی معاشی حالات کے باعث تنگ دستی سے زندگی گزار رہے ہیں یا مستقل ذریعہ معاش نہ ہونے کے باعث خودکشی کرنے پر مجبور ہیں اور کہا کہ ایسے لوگوں کی ویڈیوز جب سوشل میڈیا پر سامنے آتی ہیں تو دل بہت دکھی ہوتا ہے۔

انہوں نے معاشی بحران سے پریشان ہوکر ملک چھوڑنے والوں کوکچھ عرصہ صبر کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ان حالات میں ملک صرف وہ چھوڑ کر جارہے ہیں جن کی آمدنی میں کچھ کمی آئی ہے ناکہ وہ جن کی آمدنی ختم ہوگئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان لوگوں کو تھوڑا صبر کرنا اور سوچنا چاہیئے کہ جب تمام پڑھے لکھے لوگ ملک چھوڑ کر چلے جائیں گے تو سسٹم کون سنبھالے گا، وہ کس کے ہاتھوں میں ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں۔