لندن: (شوبزویب ڈیسک) برطانوی نژاد امریکی اداکارہ صوفی ٹرنر اور امریکی گلوکار جوئے جونس نے شادی کے 4 سال بعد علیحدہ ہونے کا فیصلہ کر لیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق 34 سالہ جوئے جونس نے 27 سالہ صوفی ٹرنر سے طلاق کے لیے درخواست دائر کردی ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق صوفی ٹرنر اور جوئے جونس کے درمیان گزشتہ 6 ماہ سے تعلقات خراب تھے جبکہ حالیہ دنوں کے دوران دونوں کو اپنی شادی کی انگوٹھیوں کے بنا بھی دیکھا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق دونوں شخصیات کے درمیان تعلقات کی خرابی کو مدنظر رکھتے ہوئے آخری آپشن کے طور پر طلاق کے طریقہ کار کو اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق صوفی ٹرنر اور جوئے جونس کے ہاں پہلی بیٹی کی پیدائش 2020 جبکہ دوسری بیٹی کی پیدائش 2022 میں ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ صوفی ٹرنر اور جوئے جونس نے مئی 2019 میں سادگی سے اس وقت شادی کی تھی جب صوفی ٹرنر کا شہرہ آفاق ڈرامہ گیم آف تھرونز اپنے اختتام کو پہنچا تھا۔