سینئراداکاروں کی اسٹیج سے فحاشی ختم کرنے کیلئے حکومتی اقدامات کی تائید

لاہور(شوبز ڈیسک) اسٹیج سے وابستہ رہنے والے سینئر اداکاروں نے پنجاب حکومت کی جانب سے اسٹیج سے فحاشی ختم کرنے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلا تاخیر ڈرامہ ایکٹ میں ترمیم کر کے اس کا نفاذ کیا جائے تاکہ حقیقی فنکار اور ہنر مندی بیروزگاری سے بچ سکیں ۔ سینئر اداکار سہیل احمد ، پرویز رضا ، نسیم وکی، وسیم عباس،اشرف خان، جاوید رضوی، حسن مراد ،نجم زیدی،گوشی خان،روبی انعم نے اپنے بیانات میں کہا کہ پنجاب حکومت نے جو اقدام اٹھایا ہے اس سے یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ اب فیملیوں کے لئے حقیقی اسٹیج ڈرامے کے دور واپس آئے گا ۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیج پر صاف ستھرا کام کرنے والے فنکارجو فحاشی اور ولگریٹی کی وجہ سے خود کو اسٹیج سے الگ کر چکے تھے ان کا بھی مطالبہ پورا ہوگیا ہے کیونکہ اسٹیج پر فیملیوں کے دیکھنے کے قابل نہیں رہ گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات کے مطابق حکومت ڈرامہ ایکٹ 1876 اور پنجاب آرٹس کونسل کے ایکٹ 1975 کی شق 15 کے تحت ترمیم کر رہی ہے اس لئے ہمار امطالبہ ہے کہ جب تک ڈرامہ ایکٹ اور پنجاب آرٹس کونسل کے ایکٹ میں ترمیم نہیں ہو جاتی تب تک پنجاب بھر کے باقی شہروں میں ہونے والے اسٹیج ڈراموں پر بھی پابندی لگائی جائے تاکہ جن شہروں میںڈرامہ پیش کرنے کی اجازت نہیں وہاں کے پروڈیوسروں، اداکاروں اور ہنر مندوں کے دل میں یہ بات نہ آجائے کہ ان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے ۔

حکومت سے اپیل ہے کہ جلد سے ایک ایکٹ میں ترمیم کر کے اس کا موثر نفاذ کیا جائے ۔