ماضی کی ناموراداکارہ و گلوکارہ نگینہ خانم کی 20ویں برسی (کل)24اگست کو منائی جائیگی

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) ماضی کی نامور اداکارہ و گلوکارہ نگینہ خانم کی 20ویں برسی(کل) 24اگست کو منائی جائے گی۔ نگینہ خانم کا تعلق پشاور سے تھا۔ انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز بطور گلوکارہ کیا اور مختلف پشتو فلموں کے لیے ایک سو تیس گانے گانے کے علاوہ ایک سو سے زائد فلموں میں بھی کام کیا۔انہیں بطور اداکارہ ایس ایم یوسف نے اپنی فلم ’’اولاد‘‘میں متعارف کرایا ان کے مدمقابل اداکار لہری تھے۔

نگینہ خانم نے کئی پشتو فلموں میں بدرمنیر کی والدہ کا کردار ادا کیا اور اس کردار کے لیے وہ پشتو فلموں کا ایک لازمی حصہ سمجھی جاتی تھیں۔بطور اداکارہ نگینہ خانم کی آخری فلم ’’مہندی والے ہتھ‘‘ تھی۔ نگینہ خانم نے گلوکاری اور اداکاری کے علاوہ خود بھی پانچ فلمیں بنائیں۔ ان میں سے ایک فلم جینے دو اردو زبان جبکہ باقی پشتو میں تھیں۔ نگینہ خانم نے فلم انڈسٹری میں متعدد فلموں میں کردار نبھائے اور انہوں نے کئی اداکاروں کو بھی متعارف کرایا۔ نگینہ خانم کو 24 ستمبر 2003ء میں ان کی رہائشگاہ پر قتل کردیا گیا تھا۔