ضیاالحق کا کردار نبھایا تو ایک سیاسی رہنما نے صحیح طرح ہاتھ ملانا گوارہ نہ کیا ، گوہررشید

رائٹر انور مقصود نے وزیر کو بات سمجھائی تو ا س کے بعد وہ اچھی طرح سے پیش آئے، انٹر ویو میں گفتگو

کراچی(شوبز ڈیسک) نامور اداکارہ گوہر رشید نے کہا ہے کہ سینئر رائٹر انور مقصود کے لکھے ہوئے تھیٹر ڈرامے میں ضیا ء الحق کا کردار ادا کیا جس پر پیپلز پارٹی کے ایک وزیر نے اچھے رویے سے ان سے بات نہیں کی۔انہوں نے بتایا کہ کچھ سال قبل ایک تھیٹر پلے میں ضیاء الحق کا کردار ادا کیا، تھیٹر کے اختتام پر کرٹن ریزر کے دوران جب تمام اداکاروں کا تعارف کرایا گیا اس وقت پیپلز پارٹی کے اس وقت کے وزیر بھی اسٹیج پر آئے اور باری باری تمام اداکاروں سے ملاقات کی۔
گوہر نے بتایا کہ زاہد احمد نے قائد اعظم محمد علی جناح کا کردار ادا کیا ، وہ درمیان میں ایک طرف ذوالفقارعلی بھٹو کا کردار کرنے والے کھڑے تھے اور ایک جانب میں کھڑا تھا ، میں نے اس ڈرامے میں ضیاء الحق کا کردار ادا کیا۔
پیپلز پارٹی کے وزیر آئے انہوں نے سب سے مصافحہ کیا اور ہر ایک اداکار کو داد دی ۔ اس وزیر نے ذولفقار علی بھٹو کے کردار ادا کرنے والے کو گلے سے لگایا اور خوب تعریف کی۔

پھر جناح صاحب کے کردار ادا کرنے والے کو گلے سے لگایا اور ان کے کردار کی بہت تعریف کی۔ جب میری باری آئی تو میں خود ہاتھ ملانے کے لیے آگے بڑھا تاہم وہ وزیر سطحی انداز میں ہاتھ ملا کر چلے گئے۔ اس وزیر کے اس انداز کو تمام حاضرین دیکھ رہے کہ انہوں نے مجھے نظر انداز کردیا ۔گوہر رشید نے بتایا کہ انہوں نے انور مقصود کی طرف دیکھا تو انہوں نے پیپلز پارٹی کے اس وزیر کو سمجھایا ۔ گوہر رشید نے کہا کہ وہ اس نخرے یا انداز میں تھے کہ وزیر ان کو اصل میں ہی ضیا ء الحق سمجھنے لگے اور میری اداکاری تک کی تعریف کرنا گوارہ نہ کی۔ گوہر رشید نے کہا کہ جب انور مقصود نے ان کو سب بات سمجھائی تو وہ اچھی طرح سے پیش آئے اور سب معاملہ ٹھیک ہوگیا۔