افغانستان: خواتین کی تعلیم پر پابندی، او آئی سی کی مذمت، سعودیہ کا فیصلہ واپس لینے پر زور

جدہ: (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے طالبان سے کابل میں خواتین کی اعلیٰ تعلیم پرعائد پابندی کا فیصلہ واپس لینے پر زور دیا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اس فیصلے پر حیرت اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ تمام مسلم ممالک کو بھی اس پرحیرت ہے۔

وزارت نے کہا کہ یہ فیصلہ افغان خواتین کے جائز شرعی حقوق کے بھی منافی ہے، ان حقوق میں تعلیم کا حق سرفہرست ہے جس کی بدولت خواتین اپنے ملک اورعوام کی خوشحالی، ترقی اور امن و استحکام میں اپنا کردار ادا کرسکتی ہیں۔

دوسری جانب او آئی سی نے بھی افغان خواتین پر یونیورسٹیوں کے دروازے بند کرنے پرافغان حکومت کی مذمت کی ہے۔

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نے ایک بیان میں افغان خواتین پر یونیورسٹیوں کے دروازے غیر معینہ مدت تک بند کرنے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ افغان حکومت کے فیصلے پر اسلامی تعاون تنظیم کو تشویش ہے، سیکرٹری جنرل اوران کے ایلچی برائے افغانستان کئی بار افغان حکام کو اس جیسے فیصلوں کے نتائج سے خبردار کر چکے ہیں۔