وزیراعظم نے ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کردیا،کسی بھی قوم کی ترقی تعلیم سے جڑی ہے،تعلیم کے بغیر کردار نہیں بن سکتا،تعلیمی کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں 2 کروڑ 60 لاکھ بچوں کاسکول نہ جانا بڑا چیلنج ہے، کسی بھی قوم کی ترقی تعلیم سے جڑی ہے،وزیراعظم نے ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کردیا، تمام وزرائے اعلی سے ملوں گا، تعلیم کے بغیر کردار نہیں بن سکتا، تعلیم کے بغیر انڈسٹری نہیں چل سکتی۔
اسلام آباد میں تعلیمی قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم لازمی 2 کروڑ 60 لاکھ بچوں کو سکول میں داخل کرائیں گے۔تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی۔ قائدا عظم نے فرمایا تھا قوم کیلئے تعلیم زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ اسٹنٹنگ ایک بہت بڑا مسئلہ ہے پاکستان کا، مالی وسائل تعلیم کے فروغ کیلئے ضروری ہے اور اس کا مسئلہ بھی درپیش ہے لیکن سب سے بڑا چیلنج ان اہداف کو حاصل کرنے کیلئے حوصلے کا ہونا ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے پنجاب میں برطانوی حکومت کے تعاون سے ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ قائم کیے ہیں، 2008 میں پنجاب میں ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا، یہ ریجن کا سب سے بڑا تعلیم فنڈ تھا، یہ ان کیلئے تھا جن بچوں کے پاس اسکول جانے کیلئے وسائل نہیں تھے، ہم اس فنڈ میں ہر سال 20 لاکھ روپے مختص کرتے تھے اور اس کے تحت 4 لاکھ 50 ہزار طالب علموں کو اسکالر شپس دی گئیں، میں نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب بچوں کیلئے تعلیمی وظائف اور یونیفارم کا بندوبست کیا تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان میں بچوں کی بڑی تعداد کے سکول سے باہر ہونے پر تشویش ہے۔ پاکستان میں دیگر ممالک سے زیادہ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، پاکستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے پالیسیاں بنائی جائیں۔ تعلیم کے شعبے پر زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرنی ہوگی۔برطانو ی ہائی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ آپ کے دو طرفہ شراکت داروں کے طور پر ہم آپ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آپ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرنے کا عہد کریں کہ 2030 تک ہر بچہ 10 سال کی عمر تک پڑھنے اور سیکھنے کے قابل ہو جائے گا۔