امریکا کی جانب سے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کا باضابط اعلان سامنے آگیا

اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہی دو ہفتوں کے لیے روک دی گئی ہے‘وائٹ ہاﺅس اور پینٹاگان کا تبصرہ کرنے سے انکار

واشنگٹن( انٹرنیشنل ڈیسک ) امریکا کی جانب سے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کا باضابط اعلان سامنے آگیا ہے یہ اعلان اسرائیلی فوج کی مصر کی سرحد سے متصل غزہ کے علاقے رفح میں کارروائی کے بعدکیا گیا ہے واشنگٹن کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہی دو ہفتوں کے لیے روک دی گئی ہے.
امریکی حکومت کے ترجمان تصور کیئے جانے والے نشریاتی ادارے کے مطابق وائٹ ہاﺅس اور پینٹاگان نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکے جانے سے متعلق معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے امریکہ غزہ جنگ میں اسرائیل کا نہ صرف سب سے بڑا اتحادی بلکہ اسے ہتھیار فراہم کرنے کا بڑا ملک ہے اور اس جنگ کے دوران یہ پہلا موقع ہو گا کہ جب امریکہ کی جانب سے ہتھیاروں کی فراہمی میں تاخیر کی جائے گی.

دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل کے اعتراض کے بعد غزہ جنگ بندی سے متعلق نظرِ ثانی شدہ تجویز پیش کر دی ہے جس کے بعد امریکہ فریقین کے درمیان جنگ بندی کے لیے پرامید ہے اسرائیل، حماس، امریکہ، مصر اور قطر کے وفود نے گزشتہ روز قاہرہ میں غزہ جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کیے ہیں جو آج رات تک جاری رہنے کا امکان ہے حماس نے تین مراحل میں غزہ جنگ بندی کی تجویز قبول کی تھی جسے اسرائیل نے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ تجاویز میں بہت نرمی ہے.
واضح رہے کہ مصر کے شہر قاہرہ میں جنگ بندی مذاکرات میں امریکہ، مصر اور قطر ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں وائٹ ہاﺅس کے ترجمان جان کربی کے مطابق حماس نے نظر ثانی شدہ تجویز پیش کی ہے اور نئی تجویز میں خلا کو پر کیا جا سکتا ہے البتہ جان کربی نے یہ نہیں بتایا کہ حماس کی نظر ثانی تجویز میں کیا بات شامل ہے اور انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس معاملے پر بات کرنے سے بھی گریز کیا واضح رہے کہ حماس نے پیر کو مصر اور قطر کی جانب سے پیش کردہ تین مرحلوں میں جنگ بندی کی پیش کش کو قبول کیا تھا.
جنگ بندی تجاویز کے تحت پہلے مرحلے میں چند یرغمالوں کی رہائی کے بدلے فلسطینی قیدیوں کی رہائی، دوسرے مرحلے میں امدادی سامان کی فراہمی اور اسرائیلی فورسز کا غزہ سے انخلا اور تیسرے مرحلے میں غزہ کی تعمیرِ نو کے پانچ سالہ منصوبے کا آغاز شامل تھااسرائیل کی جانب سے مذکورہ تجاویز کو مسترد کیے جانے اور مصر کی سرحد سے متصل رفح کراسنگ پر اسرائیلی فوج کے قبضے کے بعد غزہ جنگ بندی مذاکرات غیر یقینی کا شکار ہو گئے تھے البتہ امریکہ پر امید ہے کہ آج فریقین کے درمیان مذاکرات کے دوران کوئی حل نکل آئے گا نشریاتی ادارے نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ قاہرہ مذاکرات کے بعد امریکہ کے خفیہ ادارے سی آئی اے کے ڈائریکٹر بل برنز آج بدھ کے روز اسرائیل کا دورہ بھی کریں گے جہاں ان کی ملاقات اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو اور دیگر حکام سے ہو گی.
ادھر عرب نشریاتی ادارے نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے رفح کے بعض علاقوں میں کل رات ٹینکوں کے ذریعے شدید شیلنگ کی جس کے نتیجے میں میونسپل بلڈنگ میں آگ لگ گئی جب کہ صحت کے حکام کے مطابق شیلنگ میں6 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی بھی ہوئے ہیں.