ضیا محی الدین کی دوسری برسی جمعرات 13 فروری کو منائی جائے گی

اسلام آباد ( شوبز ڈیسک ) معروف ہدایت کارو ٹی وی میزبان ضیا محی الدین کی دوسری برسی13فروری کو منائی جائے گی ۔منفرد لب و لہجے کےلئے مشہور اینکر اور مصنف ضیا محی الدین 20 جون 1931 کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے۔انہوں نے ریڈیو آسٹریلیا سے صداکاری کے کام کاآغاز کیا، بہت عرصے تک برطانیہ کے تھیٹر کےلئے کام کیا، برطانوی سنیما اور ہالی ووڈ میں بھی فن کے جوہر دکھائے، 50 کی دہائی میں لندن کی رائل اکیڈمی آف ڈراماٹک آرٹ سے اداکاری کی باقاعدہ تربیت حاصل کی۔

ضیا محی الدین کو 1962 میں فلم لارنس آف عربیہ میں کام کرنے کا موقع ملا،انہوں نے اس فلم میں ایک یادگار کردار ادا کیا، 70 کی دہائی میں پی ٹی وی سے ضیا محی الدین شو کے نام سے منفردپروگرام شروع کیا اور 1973 میں پی آئی اے آرٹس اکیڈمی کے ڈائریکٹر مقرر کردیے گئے۔ضیا محی الدین نے انگریزی اخبار دی نیوزمیں کالم بھی لکھے، ضیامحی الدین کی خدمات کے اعتراف میں 2003 میں انہیں ستارہ امتیاز اور 2012 میں ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔ضیا محی الدین13فروری2023 کو 92سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔