خلیل الرحمان قمرکو ہنی ٹریپ کرنیوالی ملزمہ کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

عدالت نے پولیس کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے دیگر 11 ملزمان کو شناخت پریڈ پر جیل بھیج دیا

لاہور ( نیوز ڈیسک ) معروف ڈرامہ رائٹر خلیل الرحمان قمرکو ہنی ٹریپ کرنیوالی ملزمہ کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کچہری لاہور نے ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمرکو ہنی ٹریپ کرنے والی ملزمہ آمنہ عروج کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا ہے جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ نبیلہ عامر نے پولیس کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے دیگر 11 ملزمان کو شناخت پریڈ پر جیل بھیج دیا۔
سماعت کے دوران پولیس نے عدالت کے سامنے مؤقف اپنایا کہ ’ملزمہ آمنہ عروج سے تفتیش درکار ہے، ملزمہ سے مال مسروقہ، مقدمے کی اشیاء ریکور کرنا مطلوب ہیں، اس مقصد کے لیے عدالت ملزمہ آمنہ عروج کا جسمانی ریمانڈ فراہم کرے، اس کے علاوہ دیگر 11 ملزمان کو شناخت پریڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا جائے‘، جوڈیشل مجسٹریٹ نبیلہ عامر نے پولیس کی درخواست منظور کرلی۔
بتایا جارہا ہے کہ نامور ڈرامہ رائٹر خلیل الرحمان قمر کے ساتھ ڈکیتی اور اغواء کے واقعہ میں اہم پیش رفت ہوئی ہے جس میں پولیس کو پتا چلا ہے کہ ڈکیتی اور اغواء کی منصوبہ بندی ملزم حسن شاہ نے کی، پولیس کی جانب سے مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے ننکانہ میں چھاپہ بھی مارا گیا جہاں مرکزی ملزم کی گرفتاری تو عمل میں نہ لائی جاسکی تاہم پولیس نے ملزم کے ساتھیوں کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان پیشہ ور ہیں اور پہلے بھی متعدد لوگوں کو لوٹ چکے ہیں، ملزمان مشہور اور مالدار شخصیات کو ٹریپ کرکے ان سے رقم بٹورتے ہیں، ملزمان کو آرگنائزڈکرائم یونٹ ماڈل ٹاؤن نے گرفتار کیا، جن میں لڑکی آمنہ عروج بھی شامل ہے، جس کا خلیل الرحمان قمر سے پانچ سے چھ سے روز سے رابطہ تھا، ملزمہ نے پولیس کو ابتدائی بیان میں بتایا کہ خلیل الرحمان مجھ سے رابطے میں تھے، اس دوران چیٹ کے علاوہ فون پر باتیں اور تصاویر کا تبادلہ بھی ہوا۔