بچے اب شادی کی اجازت نہیں لیتے صرف آگاہ کرتے ہیں، سوناکشی کی شادی پر والد کا ردعمل

ممبئی (این این آئی)بالی وڈ کے سینئر اداکار و سیاستدان شتروگن سنہا نے بیٹی سوناکشی کی شادی کی خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ میں نے بیٹی کی شادی کے منصوبوں کے حوالے سے کسی سے کوئی بات نہیں کی، میں خود بھی بیٹی کی جانب سے شادی کی اطلاع کا منتظر ہوں۔ بھارتی میڈیا رپورٹ میں دعویٰ سامنے آیا تھا کہ سوناکشی سنہا رواں ماہ کی 23 تاریخ کو اپنے دوست ظہیر اقبال کے ہمراہ شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔ اس معاملے پر بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شتروگن سنہا نے کہا کہ انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد سے میں دہلی میں ہوں، میں نے اپنی بیٹی کی شادی کے حوالے سے کسی سے بات نہیں کی۔ سوناکشی کی شادی ہو رہی ہے؟ کے سوال پر شتروگن سنہا کا کہنا تھا کہ یہ کہوں گا کہ اس نے شادی نہیں کی ہے اور میں بھی اتنا ہی جانتا ہوں کہ جتنا میں نے میڈیا میں پڑھا ہے لیکن جب بھی جوڑا مجھے اور میری اہلیہ کو شادی سے متعلق آگاہ کرے گا تو ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔

اداکار و سیاستدان نے اپنی گفتگو میں وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سوناکشی بالغ ہے اور اسے اپنے فیصلے خود کرنے کا حق حاصل ہے، ہمیں اس کے فیصلے پر مکمل اعتماد ہے وہ کبھی بھی کوئی غلط فیصلہ نہیں کرے گی، ساتھ ہی میں یہ کہنا چاہوں گا کہ جب بھی میری بیٹی کی شادی ہوگی، میں بارات کے آگے ڈانس کرنا پسند کروں گا۔شتروگن سنہا نے مزید کہا کہ میں بھی شادی سے متعلق اطلاع کا انتظار کر رہا ہوں، مجھ سے میرے قریبی لوگ پوچھ رہے ہیں کہ میں بیٹی کی شادی سے کیوں واقف نہیں ہوں جبکہ میڈیا بھی اس سے واقف ہے، ان کیلئے میں صرف اتنا کہہ سکتا ہوں، آج کل کے بچے شادی کیلئے ماں باپ سے رضامندی نہیں لیتے صرف آگاہ کرتے ہیں۔