راولپنڈی، فلم اسٹارجاوید شیخ سمیت دیگرکیخلاف فراڈ کا مقدمہ خارج

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) راولپنڈی پولیس نے فلم اسٹارجاوید شیخ سمیت دیگر کے خلاف پراپرٹی پروجیکٹ کی تشہیری مہم کے دوران فراڈ کا مقدمہ خارج کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایس ایچ او روات نے بتایا لین دین کے معاملات کراچی میں ہوئے، جو اسٹام پیپر پولیس کو پیش کیا گیا وہ بھی کراچی کا ہے، اسٹام پیپر کراچی وینڈر کا ہے، کیس میں روات پولیس کی حدود ہی نہیں بنتی، اس لیے مقدمہ خارج کیا گیا۔
پراپرٹی پروجیکٹ کی تشہیری مہم کے ذریعے دھوکا دہی کے الزام کا مقدمہ راولپنڈی کے تھانہ روات میں درج کیا گیا تھا۔مقدمے کے متن کے مطابق جاوید شیخ کے علاوہ کمپنی کے مالک جہانزیب عالم سمیت 7 افراد کو نامزد کیا گیا تھا۔مقدمے کے متن کے مطابق سوشل میڈیا پر نجی کمپنی کے پروجیکٹ میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی گئی، ملزمان کی سوشل میڈیا مہم کے جھانسہ میں آکر 50 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی، ملزمان نے سرمایہ کاری کرنے پر وعدے کے مطابق ماہانہ کرایہ ادا کرنے کے بجائے دھمکیاں دیں۔