مجھے ایسا لگتا ہے والد محترم آج بھی میری رہنمائی کرتے ہیں ‘ گلوکار عارف لوہار

میرے والد محترم نہ صرف میرے آئیڈیل تھے بلکہ میرے بہترین دوست بھی تھے ‘انٹرویو

لاہور(شوبز ڈیسک) نامور فوک گلوکار عارف لوہارنے کہا ہے کہ میرے والد محترم کو دنیا سے رخصت ہوئے چار دہائیوں سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن اس دوران شاید ہی کوئی لمحہ ایسا ہو جس میں مجھے ان کی یاد نہ آئی ہو ،والد محتر م کے انتقال کو 44سال ہو گئے ہیں لیکن مجھے آج بھی یہی لگتا ہے وہ میرے ساتھ ہیں اور میری رہنمائی کرتے ہیں۔

ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عارف لوہار نے کہا کہ میرے والد محترم نہ صرف میرے آئیڈیل تھے بلکہ میرے بہترین دوست بھی تھے ،میں نے ایک بیٹے کا نام اپنے والد محترم کے نام پر رکھا ہے ، اسے بھی اپنے داداکی طرح پرفارم کرنے کا شوق ہے ، میری خواہش ہے کہ میرے بچے بھی خاندان کی میراث کو آگے لے کر بڑھیں لیکن اس کے ساتھ یہ بات بھی واضح ہے کہ میں ان پر اپنی مرضی مسلط نہیں کرتا۔