ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈسٹار اجے دیوگن نے کہا ہے کہ کالا جادو، بد اور جنات ہر مذہب یا کلچر میں پائے جاتے ہیں جبکہ وہ خود بھی کئی بار جنات اور اوپری اثرات کو محسوس کرچکے ہیں۔اجے دیوگن اپنی نئی ہارر فلم شیطان کے ساتھ ہارر فلموں کی دنیا میں قدم رکھ رہے ہیں، اس فلم میں ان کے ساتھ آر مادھون اور جیوتیکا مرکزی کردار میں ہوں گی۔
فلم شیطان کے ٹریلر لانچ کے موقع پر اجے دیوگن نے ہارر فلمیں کرنے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ کالے جادو، جنات اور نظرِ بد پر یقین رکھتے ہیں۔
اجے دیوگن نے کہا کہ میں ایک طویل عرصے سے ہارر فلمیں کرنا چاہتا تھا، مجھے اس طرح کی فلمیں کرنا پسند ہیں کیونکہ کالا جادو ہر ثقافت میں ہوتا ہے، پھر چاہے آپ کا تعلق کسی بھی مذہب یا کسی بھی کلچر سے ہو۔
اداکار اجے دیوگن نے کہا کہ یہ فلم ہر اس شخص اور اس خاندان کے لیے ہے جنہوں نے اپنی زندگی میں کالے جادو یا جنات کا تجربہ کیا ہے اور میں بھی انہی لوگوں میں سے ایک ہوں،میری زندگی میں کالے جادو اور جنات کے بہت سے تجربات ہوئے ہیں، میں نہیں جانتا کہ ان میں سے کتنے سچے ہیں اور کتنے جھوٹے لیکن میں شاید ہی کسی ایسے شخص سے ملا ہوں گا جو اس بات پر یقین نہیں رکھتا۔