معروف ہدایتکار و ٹی وی میزبان ضیا محی الدین کی آج پہلی برسی

اسلام آباد : (شوبز ڈیسک) ممتاز اداکار، معروف ہدایت کار اور ٹی وی میزبان ضیا محی الدین کی آج پہلی برسی منائی جا رہی ہے۔ ضیا محی الدین 20 جون 1931 کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے، انہوں نے ریڈیو آسٹریلیا سے صداکاری کے کام کا آغاز کیا، بہت عرصے تک برطانیہ کے تھیٹر کے لیے کام کرتے رہے، پرفارمنگ آرٹس گویا ضیا محی الدین کے مزاج کا نمایاں ترین پہلو رہا۔

نوحہ اور مرثیہ خواں کے طور پر ان کی ایک الگ ہی پہچان رہی، ذاتی زندگی میں بھی وہ ہمیشہ خوش رو، خوش خط اور خوش مزاج نظر آئے۔

ضیا محی الدین نے برطانوی سینما اور ہالی ووڈ میں بھی فن کے جوہر دکھائے، 50 کی دہائی میں لندن کی رائل اکیڈمی آف ڈرامیٹک آرٹ سے اداکاری کی باقاعدہ تربیت حاصل کی۔

انہوں نے اپنا زیادہ تر وقت برطانیہ میں تھیٹر کے لیے وقف کیا، ضیا محی الدین کو 1962 میں فلم لارنس آف عریبیہ میں کام کرنے کا موقع ملا جس میں انہوں نے یادگار کردار ادا کیا۔

ضیا محی الدین نے “ضیا محی الدین شو” کے نام سے ایک سٹیج پروگرام کی میزبانی بھی کی، حکومت نے مرحوم کو 2012 میں ہلال امتیاز سے بھی نوازا۔عالمی شہرت یافتہ معروف ہدایت کار، صدا کار، اداکار اور میزبان ضیا محی الدین 13 فروری 2023 کو کراچی میں 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔