بھارتی اداکارہ پونم پانڈے کینسر سے جنگ لڑتے دنیا سے کوچ کر گئیں

ممبئی: (شوبز ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ و ماڈل پونم پانڈے کینسر سے جنگ لڑتے ہوئے 32 سال کی عمر میں دنیا سے کوچ کر گئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ پونم پانڈے گزشتہ کچھ عرصے سے سروائیکل کینسر سے جنگ لڑ رہی تھیں، ان کا علاج جاری تھا لیکن آج صبح اداکارہ کی موت ہوگئی جس کی تصدیق ان کی ٹیم نے انسٹا گرام کے ذریعے کی ہے۔

پونم پانڈے کی ٹیم نے اداکارہ کے آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ پر مداحوں کے لیے افسوسناک خبر پوسٹ کی جس میں کہا گیا کہ آج کی صبح ہمارے لیے بہت مشکل ہے، آپ کو یہ بتاتے ہوئے بہت دکھ ہورہا ہے کہ ہم نے اپنی پیاری پونم پانڈے کو سروائیکل کینسر کی وجہ سے کھو دیا ہے۔

اداکارہ کی ٹیم نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں ہم آپ سب سے پرائیوسی کی درخواست کرتے ہیں، پونم پانڈے کے لیے دعا کریں اور انہیں یاد کریں۔

پونم پانڈے کی اچانک موت پر بھارتی شوبز انڈسٹری کو گہرا صدمہ پہنچا ہے جبکہ مداحوں کی جانب سے بھی اداکارہ کی موت پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔