لاہور کے تاریخی محلے ’ہیرا منڈی‘ کے ٹیزر کی دھوم

اسلام آباد: (شوبز ویب ڈیسک) پاکستان کے شہر لاہور کے تاریخی محلے پر بنائی گئی بالی ووڈ ویب سیریز “ہیرا منڈی” کا پہلا ٹیزر جاری کردیا گیا۔

“دیوداس اور باجی راؤ مستانی” جیسی فلمیں بنانے والے بالی ووڈ کے معروف فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی نے پاکستان کے شہر لاہور کے تاریخی محلے “ہیرا منڈی” پر ویب سیریز تیار کی ہے۔

اس ویب سیریز میں سوناکشی سنہا، ادیتی راؤ حیدری، منیشا کوئرالا، شرمین سہگل، سنجیدہ شیخ اور ریچا چڈھا مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔

گزشتہ سال فروری میں فلم کا پوسٹر جاری کیا گیا تھا اور یکم فروری کو اس کا ٹیزر جاری کیا گیا ہے۔

ٹیزر میں ڈائیلاگ شامل نہیں کیے گئے البتہ سیریز کی مرکزی اداکاراؤں کے رقص اور کچھ ایکشن سین دکھائے گئے ہیں۔ نیٹ فلکس پر ویب سیریز کی ریلیز کی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں ہوا لیکن سیریز کا پریمیئر 2024 میں ہی متوقع ہے۔

ہیرا منڈی کا پس منظر
ہیرا منڈی کو ایک زمانے میں شاہی محلہ بھی کہا جاتا تھا اور لاہور کے قلعہ بند شہر میں اس کی اپنی ایک منفرد تاریخ رہی ہے۔

ہیرا منڈی مغل دور میں لاہور کا ایک ایسا علاقہ رہا ہے جہاں طوائفیں رہا کرتی تھیں اور وہاں رقص و گیت کی محفلیں آراستہ ہوتی تھیں۔ بعدازاں برطانوی راج میں یہ جنسی پیشہ وروں کا بازار بن گیا جہاں انگریز اور دیگر یورپی شہریوں کے علاوہ دیسی لوگ بھی یہاں پہنچا کرتے تھے۔