طلعت حسین شدید علیل، اہل خانہ کی دعاؤں کی اپیل

ہم خوددار ہیں، حکومت سے مدد نہیں مانگیں گے، کسی ثقافتی ادارے نے مدد کرنی چاہی تو منع نہیں کریں گے ،رخشندہ طلعت

کراچی (نیوز ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ فنکار طلعت حسین شدید علیل ہوگئے، اہل خانہ نے دعاؤں کی اپیل کردی۔طلعت حسین کے اہل خانہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مداحوں سے دعا کی اپیل کرتے ہوئے بتایا کہ شدید سگریٹ نوشی کی وجہ سے سینئر اداکار کے پھیپھڑے کمزور ہوگئے ہیںجن میں پانی بھرنے سے سانس لینے میں تکلیف ہوتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اداکار کئی مرتبہ گھرکے باتھ روم میں گر پڑے اور اب مجبوراً وہیل چیئر استعمال کر رہے ہیں۔
ان کی بیگم رخشندہ طلعت نے کہا کہ ان دنوں ہم بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، کوئی دن اچھا گزرتا ہے تو کوئی دنبہت برا گزرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ طلعت صاحب کا ہسپتال سے زیادہ گھر میں خیال رکھا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم بہت خوددار لوگ ہیں، حکومت سے مدد نہیں مانگیں گے، اگر کسی ثقافتی ادارے نے مدد کرنی چاہی تو منع نہیں کریں گے کیونکہ ہم کوئی ارب پتی نہیں ہیں، علاج معالجے پر بے انتہا پیسا خرچ ہورہا ہے۔انہوںنے کہا کہ طلعت صاحب نے ساری زندگی فن کے ذریعے ملک و قوم کی خدمت کی ،اب سرکاری اداروں کا فرض بنتا ہے کہ وہ ان کا خیال رکھیں۔