لاس اینجلس (شوبز ڈیسک) ہالی وڈ کے معروف اداکار آرنلڈ شوارزنیگر کو پر تعیش گھڑی پر میونخ کے ہوائی اڈے پر گرفتار کر لیا گیا، انہیں ٹیکس چوری کے الزامات کا سامنا ہے۔کسٹم کے ترجمان تھامس میسٹر نے اے ایف پی کو بتایا کہ 76 سالہ آرنلڈ شوارزنیگر کو میونخ کے ہوائی اڈے پر ایک مہنگی گھڑی پر ٹیکس کی ادا ئیگی کا ثبوت نہ ہونے پر حراست میں لیا گیا جو ان کے سامان میں موجود تھی ۔
ترجمان نے بتایا کہ آسٹریا نژاد اداکار اور کیلیفورنیا کے سابق گورنرکو بدھ کی سہ پہر امریکہ سے میونخ پہنچنے کے بعد کسٹم پولیس نےحراست میں لے لیا ۔بعد ازاں شوارزنیگر اپنا سفر جاری رکھنے کی اجازت مل گئی تاہم گھڑی کو کسٹم کلیئر نس تک رکھ لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شوارزنیگر کے خلاف ٹیکس چوری کے الزام میں فوجداری کارروائی شروع کر دی گئی ہے ٹیکس کو گھڑی پر ادا کیا جانا چاہیے تھا کیونکہ ترجمان کے مطابق شوارزنیگر اسے یورپی یونین میں فروخت کرنے کا ارادہ کر رہے تھے۔
بِلڈ ڈیلی نے رپورٹ کیا ہے کہ لگژری ٹائم پیس کو جمعرات کو کٹزبوہیل میں شوارزینگر کے ماحولیاتی اقدامات کے لیےایک فنڈ ریزنگ ڈنر میں نیلام ہونا تھا۔ عام طور پر اس طرح کے عشائیہ میں آرٹ کے کام اور دستخط شدہ یادداشت وغیرہ فنڈ ریزنگ کے لیے نیلام کی جاتی ہیں۔مذکورہ لگژری سوئس گھڑی ساز کمپنی آڈیمارس پیگیٹ کی طرف سے خاص طور پر شوارزنیگر کے لیے بنایا گیا تھا۔