مجھے بالی ووڈ میں کام کرنے کی پیشکش کئی بار ہوئی ہے، ریما خان

لاہور(شوبز ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریما خان نے بالی ووڈ فلموں میں کام نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔ریما خان نے ایک شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں ان سے ایک خاتون نے سوال کیاکہ آپ کو کبھی کسی بالی ووڈ فلم میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی ہی جس پرریما خان نے جواب دیتے ہوئے کہاکہ جی بالکل، مجھے بالی ووڈ میں کام کرنے کی پیشکش کئی بار ہوئی ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ ان کی فلموں میں کام کرنے کیلئے بھارت میں ان کے اپنے بہت سارے باصلاحیت لوگ موجود ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اتنے باصلاحیت لوگوں کی موجودگی کے باوجود بھی اگر وہ لوگ پاکستان کے لوگوں کی صلاحیتوں کا اپنی فلموں میں استعمال کرنا چاہتے ہیں تو پھر ایک مسئلہ یہ ہے کہ ماضی میں وہاں کام کرنے کا جو طریقہ کار میں نے دیکھا وہ مناسب نہیں ہے۔
اداکارہ نے کہاکہ بیرون ملک سے بالی ووڈ فلموں میں کام کرنے والے باصلاحیت لوگوں کیلئے بھارت میں موجود طریقہ کار دیکھ کر مجھے لگا کہ اپنی چاہے جھونپڑی ہو، مگر اپنی تو ہے، ایسے محل میں جانے کا فائدہ نہیں جہاں جا کر آپ کو شرمندہ ہونا پڑے۔

ایک اور سوال پوچھا گیاکہ کیا بھارت میں پاکستانی لوگوں کو عزت نہیں ملتی یا کام ایسا ہوتا ہے جو ہماری تہذیب کے خلاف ہو جس پرریما خان نے جواب میں کہا کہ وہاں کے لوگ عزت دیتے ہیں لیکن ایسے لوگ بھی ہیں جو نہیں چاہتے کہ کوئی بھی فنکار خاص طور پر جو پاکستان سے آئے وہ بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنا منفرد مقام بنا سکے۔انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ کے کئی لوگ ایسے ہیں جو بہت پرجوش انداز میں پاکستانیوں کا استقبال کرتے ہیں اور چاہتے بھی ہیں کہ یہاں کے لوگوں کی صلاحیتوں کا استعمال ان کی فلموں میں کیا جا سکے لیکن بھارت میں موجود پروپیگنڈا گروپس کا بھارتی فلم انڈسٹری پر بہت زیادہ اثر و رسوخ ہے۔
اداکارہ نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ ایسی صورتحال میں اگر کوئی پاکستانی وہاں کام کرنے چلا بھی جائے اور پھر بعد میں ان پروپیگنڈا گروپس کی وجہ سے اسے چھپ کر واپس اپنے ملک آنا پڑے تو میری نظر میں ایسے کام کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔