پاکستانی ہدایتکار پرمیش اڈیوال نے اسلام قبول کرکے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

مدینہ منورہ (نیوز ڈیسک) پاکستانی معروف ہدایت کار پرمیش اڈیوال نے اسلام قبول کرکے عمرے کی سعادت حاصل کرلی۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ہدایت کار نے مسجد نبوی سے روح پرور ویڈیو شیئر کی ہے۔مذکورہ ویڈیو کے ذریعے انہوں نے اپنے اسلام قبول کرنے کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ اس روحانی سفر کو بھی عکس بند کیا ہے۔ویڈیو میں ہدایت کار کو بارگاہ الہیٰ میں کھڑے ہوکر دعا مانگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ہندو مہذب کو خیر باد کہنے والے پرمیش اڈیوال کی انسٹا اسٹوری سے معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے بعد اپنا نام ‘محمد’ رکھ لیا ہے۔

نومسلم محمد کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیو کے پس منظر میں معروف گلوکار عاطف اسلم کی آواز میں ریکارڈ کی گئی قوالی ‘تاجدارِ حرم’ سنائی دے رہی ہے۔سوشل میڈیا پر اسلام قبول کرنے کے اعلان کے بعد ہدایت کار کی پوسٹ پر ساتھی فنکاروں کی جانب سے مبارک باد کا سلسلہ جاری ہے۔نومسلم محمد نے فرحان سعید کی آواز میں ریکارڈ کیے گئے فلم ‘پنجاب نہیں جاؤں گی’ کے گانے ‘رب رکھا’، عروہ حسین کے ڈیبیو گانے ‘آؤ لے کر چلوں’، فلک شبیر کے گانے ‘یار ملا دے’ سمیت مختلف کمرشل، او ایس ٹی اور میوزک ویڈیوز کی ہدایت کاری کی ہے۔