کیریئر کے آغاز پرہر اداکار کیساتھ تعلقات کی خبریں پھیلائی گئیں، نرگس فخری

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ نرگس فخری کا کہنا ہے کہ فلمی کیریئر کے آغاز میں ان کے حوالے سے افواہیں پھیلائی گئیں کہ ان کے تعلقات رنبیر کپور سے لے کر شاہد کپور تک تقریبا ہر اس اداکار کے ساتھ ہیں، جن کے ساتھ انہوں نے کام کیا۔
بھارتی میڈیا کو ایک انٹرویو میں نرگس فخری نے کیریئر کے آغاز میں بالی ووڈ اداکاروں کے ساتھ اپنے تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی دور میں ان سے متعلق میڈیا میں غلط خبریں شائع ہوتی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ بولی وڈ کیریئر کے آغاز میں تقریبا ان کا نام ہر اس اداکار کے ساتھ جوڑا گیا، جن کے ساتھ انہوں نے کام کیا۔ اداکارہ کے مطابق یہ تاثر دینے کی کوشش کی جاتی کہ وہ جس اداکار کے ساتھ کام کرتی ہیں، ان کے ساتھ ان کے تعلقات ہوتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اگرچہ ان کے تمام بالی ووڈ اداکاروں کے ساتھ روابط ہیں لیکن عام طور پر وہ صرف مذہبی دنوں کے موقع پر اداکاروں کو دیوالی اور ہولی کی مبارک باد کے پیغامات بھیجتی ہیں۔