گلوکاراے نیئرکی برسی 11 نومبر کو منائی جائے گی

اسلام آباد (شوبز ڈیسک) معروف گلوکار اے نیئر کی برسی11نومبر (ہفتہ )کو منائی جائے گی۔ اے نیئر 17ستمبر 1950کو پیدا ہوئے ان کا اصل نام آرتھر نیئرتھا۔ انہوں نے اپنے کیرئیر کاآغاز 1974میں فلم بہشت میں گلو کارہ روبینہ بدر کے ساتھ2گانے گا کر کیاجبکہ انہیں اصل شہرت گلوکارہ ناہید اختر کے ساتھ گائے ہونے گانے”پیار تو اک دن ہونا تھا“ سے ملی جس نے انہیں راتوں رات معروف گلوکاروں کی صف میں لا کھڑا کیا۔

80کی دہائی میں ان کی فلمی دنیا میں حکمرانی رہی۔ ان کے گائے ہوئے گیت فلموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھے جاتے تھے۔ اے نیئر نے پاکستان ٹیلی ویژن پر بھی گیت گائے جبکہ بہترین گلوکاری پر انہیں5مرتبہ نگارایوارڈ سے نوازا گیا۔انہوں نے4ہزار سے زائد فلمی گیت گائے۔ ان کے مشہور نغموں میں جنگل میں منگل تیرے ہی دم سے، ایک بات کہوں دلدار،بینا تیرانام،ساتھی مجھے مل گیا،ضد نہ کر اس قدر جان جاں، لیلیٰ لیلیٰ، دنیا تو میں ہوں،پلے بوائے،رات ڈھلے وغیر ہ شا مل ہیں۔اے نیئر 11 نومبر2016کومختصر علالت کے بعد انتقال پاگئے۔