اسلام آباد: (شوبز ویب ڈیسک) پاکستان کی عالمی شہرت یافتہ خوبرو اداکارہ سجل علی اور اداکار وہاج علی کی ویب سیریز ’دی پنک شرٹ‘ دو عالمی فلمی میلوں میں نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔
کاشف نثار کی ہدایت کاری میں بننے والی اس ویب سیریز کی کہانی ایک ایسے شادی شدہ جوڑے صوفیہ اور سمیر کے گرد گھومتی ہے جو علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیتے ہیں، اسی اثنا میں صوفیہ کی ملاقات ایک کاروباری شخص عمر سے ہوتی ہے اور وہ اسے اپنے سابقہ رشتے کی تلخیوں کو بھلانے اور آگے بڑھنے کا ایک بہترین موقع سمجھتی ہے۔
اس ویب سیریز کی کہانی پاکستانی مصنفہ بی گل نے تحریر کی ہے جس میں سجل علی اور وہاج علی نظر آ رہے ہیں۔
تاہم اب اس ویب سیریز کی ابتدائی تین اقساط 27 اکتوبر کو لندن میں منعقد ہونے والے ’لندن انڈین فلم فیسٹیول‘ میں خصوصی نمائش کے لئے پیش کی جائیں گی۔
اس کے ساتھ ہی رواں ماہ 15 سے 22 اکتوبر تک سڈنی میں منعقد ہونے والے فلمی میلے ’ساؤتھ فلم فیسٹیول‘ میں بھی اس ویب سیریز کو نمائش کے لئے پیش کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اداکارہ سجل علی فلم ’مام‘ اور ’واٹس لو گاڈ ٹو ڈو وود اٹ‘ سے پہلے ہی بین الاقوامی سطح پر اپنی اداکاری کا لوہا منوا چکی ہیں جبکہ اداکار وہاج علی کا یہ پہلا بین الاقوامی پروجیکٹ ہے۔