اسلام آباد: (شوبز ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ کبریٰ خان نے اپنے اداکاری کے کیرئیر کے آغاز میں ہی بالی ووڈ فلم کو پاکستان سے محبت کے سبب ٹھکرانے کا انکشاف کردیا۔
کبریٰ خان 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم ’نامعلوم افراد‘ کی کامیابی کے بعد پاکستان میں بے حد مقبول ہوچکی تھیں اور اسی دوران کبریٰ خان کو برطانوی شارٹ فلم ’دی کنورزیشنز‘ اور 2015 میں بالی ووڈ فلم ’ویلکم ٹو کراچی‘ کی پیشکش کی گئی جو انہوں نے قبول کر لی تھی۔
کبریٰ بھارت میں ’ویلکم ٹو کراچی‘ کی شوٹنگ کے لیے جا چکی تھیں تاہم ’ویلکم ٹو کراچی‘ کی شوٹنگ کے دوران ہی کبریٰ خان نے فلم سے علیحدگی اختیار کرلی تھی جس کی وجہ پاکستان مخالف مواد تھا۔
کبریٰ خان کے مطابق جب فلم کے دوسرے رائٹر نے سکرپٹ میں تبدیلیاں کیں تو انہوں نے پاکستان مخالف جذبات والی فلم میں کام کرنے سے انکار کر دیا۔
کبریٰ خان نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ان کا خون پاکستانی ہے اور کسی بھی حال میں اپنے ملک کے خلاف بات کرنے والی فلم میں کام نہیں کر سکتی تھی۔
خوبرو اداکارہ کو ایک مرتبہ پھر بھارتی پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے نیٹ فلکس کی ایک سیریز میں بھارتی فوجی افسر کا کردار نبھانے کی پیشکش ہوئی جو انہوں نے دوبارہ ٹھکرا دی تھی۔