تما ثیل تھیٹر کو سیل کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ملتوی

لاہور (نیوز ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ میں کمشنر لاہور کی جانب سے تما ثیل تھیٹر کو سیل کرنے کے خلاف دائر درخواست پر درخواست گزار کی طرف سے عدالتی حکم پر ایسوسی ایشن کے عہدیدار ہونے کا اتھارٹی لیٹر پیش کرنے پر مزید سماعت(کل) جمعرات تک ملتوی کردی۔ عدالت نے وکلا کو دلائل پیش کرنے کے لیے طلب کرلیا ۔جسٹس چوہدری محمد اقبال نے پنجاب آرٹسٹ پروڈیوسر تھیٹرز ایسوی ایشن کے قیصر ثنا اللہ کی درخواست پر سماعت کی۔

منگل کے روز عدالت نے درخواست گزار کو حکم دیا تھا کہ پہلے ایسوسی ایشن کے عہدیدار ہونے کا اتھارٹی لیٹر دیں تاکہ معلوم ہو سکے کہ آپ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ہیں،اسکے بعد درخواست قابل سماعت ہو گی ۔ بدھ کو سماعت پر درخواست گزار کی طرف سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ عدالتی حکم پر ہائیکورٹ رجسٹرار دفتر درخواست گزار کے ایسوسی ایشن کے صدر ہونے کا لیٹر جمع کرا دیا ہے، عدالت نے مزید سماعت آج تک ملتوی کرتے ہوئے وکلا کو دلائل پیش کرنے کے لیے طلب کرلیا ۔