اس بات کا ہمیشہ افسوس رہیگا ہم عمرشریف کی جان نہیں بچا سکے‘ ڈاکٹرطارق شہاب

میری وجہ شہرت ریما کا شوہر ہونے کی وجہ سے نہیں بلکہ ایک ہارٹ سپیشلسٹ کے طور پر ہے‘ انٹر ویو میں گفتگو

لاہور(شوبز ڈیسک) فلمسٹار ریما کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب نے کہا ہے کہ مجھے اس بات کا ہمیشہ افسوس رہے گا کہ ہم عمر شریف کی جان نہیں بچا سکے ،امریکہ میں عمر شریف کے علاج معالجے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کی تھیں لیکن زندگی نے انہیں مہلت نہیں دی اور وہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان سفر کے دوران ہی اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔

ایک انٹر ویو میں جب عمر شریف کے امریکہ میں علاج کیلئے بات چیت کا سلسلہ شروع ہوا تو وہاں ہم نے اپنے طور پر ہر طرح کی کاوشیں کیں اور انتظامات مکمل کئے ۔ مجھے اس بات کا افسوس رہے گا کہ ہم عمر شریف کی جان نہیں بچا سکے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میری وجہ شہرت ریما کا شوہر ہونے کی وجہ سے نہیں بلکہ ایک ہارٹ سپیشلسٹ کے طور پر ہے ،میں امریکہ میں ہارٹ کا ڈاکٹر ہوں ،پاکستان میں بھی آتا جاتا رہتا ہوں اور یہاں پر سر جری کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے اوپن ہارٹ سرجری کی جاتی تھی لیکن اب جدید ٹیکنالوجی آ گئی اور یہ مریض کو کٹ لگائے بغیر بھی ہو سکتی ہے تاہم یہ علاج بہت مہنگا ہے ۔