اسلام آباد (شوبز ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ مہوش حیات نے کہا کہ گورا ہو یا کالا شادی اس سے کروں گی جو بس دل والا ہو۔
اداکارہ مہوش حیات ساتھی اداکاروں ہمایوں سعید اور گوہر رشید کے ہمراہ ایک انٹرویو میں شریک ہوئیں، جہاں اداکاروں نے فلمی کریئر اور دیگر کئی موضوعات پر گفتگو کی۔
اس موقع پر اداکار ہمایوں سعید نے ازارہ مذاق کہا کہ مہوش تو کسی گورے سے شادی کرنا چاہتی ہیں، جس پر مہوش حیات اور گوہر رشید بھی ہنس پڑے۔
اداکارہ نے ہمایوں سعید کی بات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا جھوٹ بول رہے ہیں، ایسا نہیں ہے، جس پر ہمایوں بولے کہ مہوش فلم کے سیٹ پر ہر وقت بتاتی رہتی تھیں کہ انہیں گورا چاہیے، مہوش حیات نے اس بات پر جواب دیا کہ گورا ہو یا کالا ہو، بس دل والا ہونا چاہیے۔
انٹرویو کے دوران ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ ان کی فلمیں “جوانی پھر نہیں آنی” اور “پنجاب نہیں جاؤں گی” اب تک کی پاکستان کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلمیں ہیں، یہ بھی حقیقت ہے کہ پاکستانی لوگ بھارتی اداکاروں سے زیادہ اپنے اداکاروں کو پسند کرتے ہوں گے۔
مہوش حیات نے بتایا کہ پہلی ملاقات میں ہی میرے اور ہمایوں سعید کے درمیان جھگڑا ہوگیا تھا، میرے پرفیوم کی خوشبو سے شوٹنگ سیٹ پر لوگ سمجھ جاتے ہیں کہ مہوش حیات آچکی ہیں۔