اداکارہ رابعہ بٹ نے خواتین کے حق میں آواز بلند کردی

اسلام آباد: (شوبزویب ڈیسک)اداکارہ اور ماڈل رابعہ بٹ نے کہا ہے کہ افسوس ہے کہ ہمارے معاشرے میں مارپیٹ کی شکار اور روتی ہوئی عورت کو مضبوط سمجھا جاتا ہے۔

اپنے ایک انٹرویو میں رابعہ بٹ کا کہنا تھا کہ آج کل لوگ عورت کو مضبوط نہیں دیکھنا چاہتے، اسی لیے ڈراموں میں عورت کو پٹتے ہوئے دکھایا جاتا ہے، ہمارے معاشرے میں مضبوط عورت کا تصور خراب عورت کا ہوتا ہے کیونکہ اچھی عورت صرف مار پیٹ برداشت کرتی ہے اور روتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاشرے کا حصہ ہے کہ اگر عورت اپنے حق کے لیے آواز اٹھائے تو اسے بُرا سمجھا جاتا ہے،اداکارہ نے کہا کہ ان مسائل پر اگر ڈائریکٹر کوئی کہانی تخلیق کرتے ہیں تو ان کہانیوں کو دیکھنے والے قبول نہیں کرتے جبکہ وہ عورتوں سے مار پیٹ اور روتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں جس کی وجہ سے ریٹنگ آتی ہے۔

رابعہ بٹ نے اپنے ڈراما سیریل ’گناہ‘ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’گناہ میری زندگی کا ایسا واحد پروجیکٹ ہے جس پر میں نے کام کرنے کے لیے ایک دن میں رضامندی ظاہر کرلی تھی، انہوں نے اپنے کردار کے حوالے سے بتایا کہ میں نے اپنے کردار کو اپنے آپ کو حقیقت میں پولیس افسر تصور کرکے نبھایا تھا۔