اس مشکل وقت میں آپ کے احساس اور تعاون پر شکر گزار ہیں لیکن برائے مہربانی ہماری حدود کا احترام کیا جائے اور ہمیں اسپیس دی جائے، اداکارہ کا بیان
ممبئی ( شوبز ڈیسک ) سیف علی خان پر حملہ، اہلیہ کرینہ کپور کا پہلا بیان سامنے آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب ممبئی میں بال وڈ اسٹار سیف علی خان پر ان کے گھر میں ہونے والے حملے کے بعد ان کی اہلیہ اور اداکارہ کرینہ کپور نے پہلی مرتبہ کوئی ردعمل دیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں کرینہ کپور نے کہا کہ آج ہمارے لیے ایک چیلنجنگ دن ہے، مسلسل اسکروٹنی زیادہ ہوگئی ہے جو کہ ہمارے خاندان کے لیے ایک خطرہ بن رہی ہے۔
میڈیا سے گزارش ہے کہ مسلسل قیاس آرائیوں اور کوریج سے گریز کریں۔ اس مشکل وقت میں آپ کے احساس اور تعاون پر شکر گزار ہیں لیکن برائے مہربانی ہماری حدود کا احترام کیا جائے اور ہمیں اسپیس دی جائے۔
دوسری جانب بالی وڈ سٹا سیف علی خان پر ان کے گھر میں ہوئے حملے کے حوالے سے ممبئی پولیس نے ابتدائی تحقیقات کی تفصیلات جاری کی ہیں، جن میں چونکا دینے والا انکشاف کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ سیف علی خان پر حملہ کرنے والے شخص کو گھر کے اندر سے مدد فراہم کی گئی، پولیس حملہ آور کے مقامی مدد گاروں تک پہنچنے کیلئے کوشاں ہے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور نے ملحقہ عمارت سے دیوار پھلانگ کر گھر کے احاطے میں داخل ہونے کے بعد فائر ایگزٹ کا استعمال کرتے ہوئے سیف اور کرینہ کے اپارٹمنٹ تک رسائی حاصل کی۔
پولیس کے مطابق گھر کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جس میں دو مشتبہ افراد دکھائی دیے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، ملزمان تک جلد سے جلد پہنچنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ممبئی پولیس کی جانب سے حملہ آور کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے حاصل کردہ تصویر بھی جاری کی گئی ہے، جبکہ حملہ اور سیف علی خان کے درمیان ہونے والی گفتگو کی مبینہ تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حملہ آور کی جانب سے سیف علی خان سے 1 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی اداکار سیف علی خان کو ممبئی کے پوش علاقے میں واقع اپارٹمنٹ کی 12ویں منزل پر ان کے فلیٹ میں چاقو کے وار سے زخمی کردیا گیا جس کے بعد انہیں فوری طور پر لیلاوتی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی ایمرجنسی سرجری کی اور انہیں خطرے سے باہرقرار دیا۔
سیف علی خان پر حملہ کرنے والے کی تصویر سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے جس میں اسے واقعے کے بعد سیڑھیوں سے نیچے اترتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرے کی طرف دیکھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق جب حملہ آور نے سیف علی خان کے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی تو اداکار کی گھریلو ملازمہ نے شور مچایا توچور نے سب سے پہلے چاقو سے اس پر حملہ کیا گیا، ملازمہ کے ہاتھ پر معمولی زخم بھی آئے، اداکار سیف علی خان فورا مدد کیلئے پہنچے اور حملہ آور سے جھگڑے کے دوران زخمی ہوگئے۔ حملہ آور نے انہیں 6بارچاقو مارا جن میں ایک چاقو ان کی ریڑھ کی ہڈی میں پھنس گیا جسے نکال لیا گیا ہے۔