کراچی(این این آئی) پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عدنان شاہ ٹیپو نے انکشاف کیا ہے کہ جب ان کے ہاں چوتھی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی تو ان کے خاندان والوں نے افسوس کے ساتھ مبارکباد دی تھی۔عدنان شاہ ٹیپو نے حال ہی میں اپنی اہلیہ حاجرہ شاہ کے ہمراہ نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت اپنی چار بیٹیوں کے بارے میں بھی بات کی۔
شو کی میزبان نے عدنان ٹیپو سے سوال کیا کہ آپ ایک اداکار ہیں تو کیا اس سے آپ کی بیٹیوں کو اسکول میں فائدہ ہوتا ہے کہ ان کے والد اداکار ہیں؟اس سوال کے جواب میں عدنان ٹیپو نے کہا کہ فنکاروں کے بچوں کو اسکول میں جہاں فائدہ حاصل ہوتا ہے تو وہیں کئی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے کیونکہ اس طرح دوسرے بچوں میں احساس کمتری ہوتی ہے اور پھر وہ فنکاروں کے بچوں کو تنگ کرتے ہیں۔عدنان ٹیپو کی بات کاٹتے ہوئے ان کی اہلیہ نے کہا کہ ہماری بیٹیوں کو اسکول میں بہت زیادہ تنگ کیا جاتا ہے، میری تو حکومت سے درخواست ہے کہ وہ پاکستان میں ایسے اسکولز بنائیں جہاں صرف سلیبریٹیز کے بچے زیرِ تعلیم ہوں کیونکہ مجھے اور میری بیٹیوں کو بہت کچھ سہنا پڑتا ہے۔
اسی شو کے دوران عدنان ٹیپو نے اپنی چوتھی بیٹی کی پیدائش کا ذکر کیا، اداکار نے کہا کہ جب ہمارے یہاں چوتھی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی تو خاندان کی ایک خاتون نے افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ہائے! تمہارے گھر چوتھی بار بھی بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے، یہ بات سن کر میں نے ان سے پوچھا کہ اگر میرے یہاں چوتھی بیٹی پیدا ہوئی ہے تو آپ کو کیا مسئلہ ہے؟عدنان ٹیپو نے کہا کہ میں نے ان خاتون سے پوچھا کہ آپ میری بیٹی کی پیدائش پر افسوس کررہی ہیں یا مبارکباد دے رہی ہیں؟اداکار کی اہلیہ نے کہا کہ ہم نے انہیں جواب دیا کہ کیا آپ ہمارے گھر میں آٹا، چاول، دال اور راشن ڈالتی ہیں؟، ہم خود ہماری بیٹیوں کو پالیں گے۔عدنان ٹیپو نے مزید کہا کہ بیٹیاں تو اللہ تعالی کی خاص رحمت ہوتی ہیں، اللہ پاک کا شکر ہے کہ میرے دل میں کبھی بیٹے کی خواہش پیدا نہیں ہوئی، اللہ پاک نے مجھے اولاد سے نوازا ہے، یہی میرے لیے بہت بڑی بات ہے۔