سنجے دت نے برطانیہ کا ویزا منسوخ ہونے پر خاموشی توڑ دی

ممبئی(این این آئی)بالی ووڈ کے سینیئر اداکار اور سنجو بابا کے نام سے مشہور ایکشن ہیرو سنجے دت کو سن آف سردار2 کی شوٹنگ کیلئے برطانیہ جانا تھا تاہم ویزا منسوخ ہونے پر اداکار کو فلم سے ڈراپ کردیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق سنجے دت نے ویزا منسوخ ہونے پر برطانوی حکام پر تنقید کی اور سوال کیاکہ اگر آپ نے میرا ویزا منسوخ ہی کرنا تھا تو پہلے مجھے ویزا کیوں دیا۔

سنجے دت نے کہاکہ برطانوی حکام کا یہ اقدام بہت غلط ہے، پہلے انہوں نے مجھے ویزا دیا، میرا تمام دستاویزاتی کام مکمل ہوگیا تھا اور ساتھ ہی فیس کی ادائیگی بھی ہوگئی تھی لیکن ایک ماہ بعد میرا ویزا منسوخ کردیا گیا۔اداکار نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے آپ کو اپنے تمام دستاویزات اور فیس وقت پر فراہم کی تھی، اگر آپ نے میرا ویزا منسوخ ہی کرنا تھا تو پہلے مجھے ویزا کیوں دیا؟، آپ کو ویزا دینا ہی نہیں چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت کون برطانیہ جانا چاہے گا؟ کیونکہ وہاں تو فسادات ہورہے ہیں، بھارتی حکومت نے بھی اپنے شہریوں کو برطانیہ کا سفر نہ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔سنجے دت نے کہا کہ مجھے ویزا منسوخ ہونے کی پریشانی نہیں لیکن برطانوی حکام نے غلط کیا ہے، میں قانون کا پابند شہری ہوں اور ہر ملک کے قانون کا احترام کرتا ہوں۔بھارتی میڈیا کے مطابق برطانیہ کا ویزا منسوخ ہونے کے بعد اب سنجے دت کی جگہ فلم میں روی کشن کو کاسٹ کیا گیا ہے۔