امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے چوتھی بار گریمی ایوارڈ جیت کر تاریخ رقم کر دی

نیویارک: (شوبز ویب ڈیسک) امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے چوتھی بار البم آف دی ایئر کا گریمی ایوارڈ جیت کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی شہر لاس اینجلس میں ہونے والی ایوارڈز کی تقریب میں زیادہ تر انعامات خواتین فنکاروں کے نام رہے، وہیں گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے بھی موسیقی کی دنیا میں نیا اعزاز حاصل کرتے ہوئے چوتھی بار البم آف دی ایئر کا گریمی ایوارڈ اپنے نام کیا۔

34 سالہ امریکی گلوکارہ کے البم ’مڈ نائٹس‘ کو سال کے بہترین البم کا انعام دیا گیا، جس کے بعد ٹیلر سوئفٹ نے لیجنڈز فرینک سیناترا، پال سائمن اور سٹیو ونڈر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا جنہوں نے یہ اعزاز تین، تین بار اپنے نام کیا تھا۔

ٹیلر سوئفٹ آج کل اپنے کنسرٹس کے سلسلے میں ایک ایسے دورے پر ہیں جہاں وہ مختلف ممالک میں پرفارم کر رہی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اپریل میں اپنا نیا البم بھی ریلیز کروں گی۔

بیلے ایلش کے گانے ’واٹ واز آئی میڈ فار‘ کو سال کا بہترین گانا قرار دیا گیا جو انہوں نے فلم ’باربی‘ کیلئے لکھا تھا، اسی طرح ملی سائرس کے ’فلاورز‘ نے سال کے بہترین ترانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا، فاتحین کے ناموں کا انتخاب جس جیوری نے کیا اس میں موسیقار، پروڈیوسرز، انجینئرز اور موسیقی کے شعبے سے وابستہ دیگر ماہرین شامل تھے۔