ایڈز کا مقابلہ کرنے کیلئے عالمی پارٹنرز کے ساتھ مل کر لڑ رہے ہیں: سیکریٹری صحت

سیکریٹری صحت افتخار علی شلوانی— فائل فوٹو
سیکریٹری صحت افتخار علی شلوانی— فائل فوٹو

سیکریٹری صحت افتخار علی شلوانی کا کہنا ہے کہ ایڈز کا مقابلہ کرنے کے لیے عالمی پارٹنرز کے ساتھ مل کر لڑ رہے ہیں۔

وفاقی وزارتِ صحت نے ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔

سیکریٹری صحت افتخار علی شلوانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایڈز ایسا مرض ہے جس پر ہم عالمی پارٹنرز کے ساتھ مل کر لڑ رہے ہیں، یہ مختلف ممالک سمیت پاکستان کے لیے بھی ایک چیلنج رہا ہے، وزارت صحت ایڈز کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری کوششیں کر رہی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ایڈز کے مسئلے پر ہمیں یو این ڈی پی اور یونیسف کا تعاون حاصل رہا ہے، پاکستان نے کورونا کا مقابلہ بھی کیا اور اس میں کامیاب رہے۔

سیکریٹری صحت نے یہ بھی کہا کہ 10 سے 15 اضلاع میں ایڈز پر زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے، ایڈزکے خاتمے کے لیے اضلاع اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر جانا ہو گا اور سب سے اہم چیز عوام میں ایڈز کے بارے آگاہی دینا ہے۔

کیٹاگری میں : صحت